پاکستان میں بوسٹر ویکسین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں
اسلا م آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں بوسٹر ویکسین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں۔شہری گائیڈ لائن کے مطابق مطلوبہ ویکسین بطور بوسٹر لگواسکیں گے ۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم شہری، ملازم، طلبہ، سیاح اور عمرہ حج کرنے والے بوسٹر ویکسین کے اہل ہوں گے جبکہ بوسٹر کے لیے صرف سائنوفارم، سائنوویک، فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔12سے 17 سال کی عمر کے بچے گائیڈ لائن کے مطابق فائزر ویکسین لگواسکیں گے۔
گائیڈ لائن کے مطابق 18سال سے زائد عمر کے افراد سائنو فارم، سائنوویک اور فائزر لگواسکیں گے اور جن افراد کو ویکسین لگوائے 28 دن یا اس سے زائد کا عرصہ ہوا وہی بوسٹر کے لیے اہل ہوں گے۔
واضح رہے کہ بوسٹر کے لیے فی ڈوز ویکسین فیس 1270 روپے مقرر کی گئی ہے۔