آرمی چیف سے جرمنی کے وزیر خارجہ کی ملاقات
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان، جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات جرمنی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہی۔
جرمنی کے وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے لیے جی ایچ کیو گئے جہاں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی کے وزیر خارجہ کی ہونے والی ملاقات میں افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی گفت و شنید ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی غور و خوص کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان باہمی فوائد پر مبنی دو طرفہ تعلقات میں وسعت کا خواہاں ہے۔ جرمنی کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری کاوش کو بھی سراہا۔