وہاڑی(ڈیلی پاکستان آن لائن) ریسکیو 1122 کی ٹیم نے وہاڑی کے نواحی علاقے موضع بستی اجمل میں سیلابی ریلے میں پھنسے 5 افراد کی زندگیاں بچا لیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کے مطابق رات گئے ریسکیو ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی ایمرجنسی کال پر ٹیم نے فوری رسپانس دیا اور ایک گھنٹے کے اندر اندر موقع پر پہنچ کر تمام متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
متاثرہ شخص محمد اعجاز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
محمد اعجاز کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں نئی زندگی دی، ہمیں یقین نہیں تھا کہ رات گئے کوئی ہماری مدد کرے گا، لیکن ریسکیو ٹیم نہ صرف آئی بلکہ پوری جانفشانی سے ہماری مدد کی۔
حکام کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔