بلوچستان اسمبلی میں مطیع اللہ آغا سپیکر اور فوزیہ مری بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان اسمبلی نے جمعیت علماءاسلام کے مطیع اللہ آغا کوسپیکر اور بی این پی عوامی کی ڈاکٹر فوزیہ مری کو بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب کر لیا۔ وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ وہ نہیں جانتے کہ 2 ماہ بعد الیکشن ہوں گے یا نہیں۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس بی این پی عوامی کی ڈاکٹر فوزیہ مری کی سربراہی میں شروع ہوا۔ اراکین اسمبلی نے جمعیت علماءاسلام کے سابق ڈپٹی سپیکر مطیع اللہ آغا کو بلا مقابلہ اسپیکر منتخب کر لیا۔ڈاکٹر فوزیہ مری نے ان سے حلف لیا جس کے فورا بعد ہی نو منتخب سپیکر مطیع اللہ آغا نے اپنی نشست سنبھال لی۔ان کی سرابرہی میں بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی جاری رہی۔ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اسلم رئیسانی نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ دو ماہ بعد الیکشن ہوں گے یا نہیں۔ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لئے بی این پی عوامی کی ڈاکٹر فوزیہ مری اور مسلم لیگ ق کے بسنت لال گلشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تاہم بسنت لعل کے کاغذات واپس لینے کے بعد فوزیہ مری کو بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکرقرار دے دیا گیا۔