آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالامال ہے: صدرریاست

آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالامال ہے: صدرریاست

میر پور(آن لائن)صدرآزادکشمیرسردارمحمدیعقوب خان نے کہاہے کہ آزادکشمیر قدرتی وسائل سے مالامال ہے آزادکشمیر میںمعاشی واقتصادی خوشحالی اور ترقی انڈسٹری کے فروغ کے بغیرممکن نہیں ۔ انڈسٹری کو فروغ دے کرریاست سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکتاہے ۔ میرپور نیوانڈسٹری اسٹیٹ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے پاکستان کے ممتاز صنعتکاروں سے مشاورت کی جائے اور ان کا تعاون حاصل کیاجائے ۔بیرون ممالک سے صنعتکار آزادکشمیرمیں تب سرمایہ کاری کریں گے جب انھیں انڈسٹری کے قیام کے لیے سہولیات ومراعات ون ونڈوکے تحت فراہم کی جائیں اور ان کی عزت نفس کا خاص خیال رکھاجائے ریاست کو اپنے پاﺅں پر کھڑاکرنے کے لیے تمام محکمے ذمہ داری اور ایمانداری کا مظاہرہ کریں ۔ آخرہم کب تک بیرونی امداد پر زندہ رہیں گے۔ صدرآزادکشمیرنے محکمہ صنعت کی مجموعی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صنعت وحرفت کو دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایات دیں۔نیوانڈسٹری اسٹیٹ میرپورمیں پانی ، بجلی اور دیگر مسائل کے حوالے سے صدرآزاکشمیرنے ہدایت کی کہ متعلقہ محکموں کے وزراءکرام کو ان معاملات پربریفنگ دی جائے جبکہ انڈسٹری ایریامیں جن پلاٹوں کئی سالوں سے صنعتیں نہیں لگائیں گئیں انھیں نوٹس دے کر ان کے پلاٹ منسوخ کرنے کی بھی ہدایات دیں۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے نیوانڈسٹری کے دورہ کے موقع پر محکمہ صنعت وحرفت کی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر انڈسٹری خواجہ محمدطارق نے صدر آزادکشمیرکو نیوانڈسٹریز اسٹیٹ اور سمال انڈسٹری اسٹیٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور جملہ مسائل سے آگاہ کیا۔صدرآزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیرمیں چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ہیت تبدیل ہوچکی ہے ۔ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پچاسی فیصد صنعتکار اورپندرہ فیصد دیگربزنس مین ہونے چاہیں۔ انھوں نے کہاکہ میرپور نیوانڈسٹری اسٹیٹ کے فروغ سے آزادکشمیرمیں حقیقی معنوں میں معاشی واقتصادی ترقی لائی جاسکتی ہے چونکہ آزادکشمیرمیں لاءاینڈ آرڈرکا کوئی مسئلہ نہیں ہے جبکہ محکمہ صنعت وحرفت سمیت حکومت آزادکشمیر صنعتی ترقی کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے ۔

 انھوں نے محکمہ صنعت وحرفت کے عملہ کی کمی کے پوراکرنے کی یقین دہانی کروائی اور محکمہ صنعت وحرفت کے افسران کوہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی دیانتداری اورایمانداری سے سرانجام دیں۔ محکمہ صنعت وحرفت کا ریاست کی ترقی وخوشحالی میں بڑااہم کردار ہے کسی بھی ملک کی معیشت کی ترقی میں وہاں کی انڈسٹری ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے ۔ چائنہ سمیت دیگرممالک کی ترقی کاراز انڈسٹری کے فروغ میں ہے ۔ انھوں نے کہاکہ بزنس مین اور سرکاری ملازمین میں زمین آسمان کا فرق ہے کوئی بزنس میں اپنے کاروباریاانڈسٹری کے لیے فضول وقت ضائع نہیں کرتا۔ صنعتکاروں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں ۔ صدر آزادکشمیرنے انڈسٹری ایریامیںبجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

مزید : کامرس