اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائےگا، مسعود خان

اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائےگا، مسعود ...

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود خان نے کہا ہے کہ لاہور میں اگلے ماہ ہونے والی فرسٹ جونیئر، بین الصوبائی اور نیشنل ویمن چیمپئین شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی خواتین کھلاڑیوں کو ساﺅتھ ایشین اور ایشین گیمز کیلئے قومی ٹیم میں شارٹ لسٹ کر دیا جائے گا۔ پیر کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے تینوں ایونٹس تمام کھلاڑیوں کیلئے اہم ہیں کیونکہ ان ایونٹس میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ساﺅتھ ایشین اور ایشین گیمز کی تیاری کیلئے قومی تربیتی کیمپ کیلئے منتخب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جوڈو کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے اس لئے وہ توقع رکھتے ہیں کہ ملک بھر سے باصلاحیت اور مایہ ناز کھلاڑی بہت جلد قومی ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔ واضح رہے کہ فرسٹ جونیئر، بین الصوبائی اور نیشنل ویمن جوڈو چیمپئین شپ 28 جنوری سے 2 فروری تک لاہور میں کھیلی جائے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی