جنرل پرویز مشرف کی وجہ سے فوج کے خلاف منفی رویے پیدا ہوئے،لیاقت بلوچ

جنرل پرویز مشرف کی وجہ سے فوج کے خلاف منفی رویے پیدا ہوئے،لیاقت بلوچ

لاہور (پ ر)جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے لاہور میں وفود سے ملاقات میں کہاہے کہ جنرل پرویز مشرف کی وجہ سے فوج کے خلاف منفی رویے پیدا ہوئے ، نواب اکبر بگٹی کے قتل ، 12مئی کراچی میں قتل عام ، آئین اور عدلیہ کی بے توقیری کرنے والے فوجی آمر کا فوج ساتھ نہیں دے سکتی ۔ جنرل کیانی نے بہت تگ و دو کر کے فوجی ساکھ کو بحال کیا اور مشکل ترین حالات میں فوج کے غیر جانبدارانہ کردار کو یقینی بنانے کی مثبت کوششیں کی گئیں فوج اب کسی صورت میں بھی جانبداری نہیں کرے گی ۔ عدلیہ آزاد ہے ۔ آئین ، قانون اور میرٹ پر ہی جنرل مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل ہوناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ فوجی آمر فوج کے سربراہ کی حیثیت سے غیر آئینی اقدام کرتاہے تو فوج منظم ادارے کی بنیاد پر خاموش ہی رہتی ہے اب بھی آئینی اور قانونی کاروائی پر فوج کو خاموش ہی رہناچاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام بے روزگاری ، بدامنی اور یوٹیلٹی بلزمیں ہوشربا اضافہ سے بے حال ہوگئے ہیں ۔ عوامی احتجاج پروزراءعوام کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ پروٹوکول ، بلٹ پروف گاڑیوں اور محفوظ قلعوں سے حکمران باہر آئیں تو انہیں غریب کا حال معلوم ہو ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے احتجاج نے عوامی جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔ حکومت مہنگائی ختم کرے وگرنہ ملک بھر میں اسے شدید احتجاج کا سامنا کرنا ہو گا۔

مزید : صفحہ آخر