فاؤنڈری سروس سنٹرز جیسے مزید خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے:ڈاکٹر فضل اے خالد

فاؤنڈری سروس سنٹرز جیسے مزید خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے:ڈاکٹر فضل اے خالد

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں فاؤنڈری کی صنعت کو مقامی اور عالمی منڈی میں قابل مسابقت بنانے کیلئے فاؤنڈری سروس سنٹرز جیسے مزید خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ بات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی) لاہور کے وائس چانسلرڈاکٹر فضل اے خالد نے یہاں سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’سمیڈا‘‘ اور پاکستان فاؤنڈری ایسوسی ایشن کے اشتراک سے فاؤنڈری سروس سنٹر میں منعقدہ ایک ٹریننگ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر تے ہوئے کہی۔ مذکورہ ٹریننگ ورکشاپ ’’سٹیل کاسٹنگ میتھڈ‘‘ کے موضوع پر منعقد کی گئی تھی جس کی اختتامی تقریب سے ممتاز صنعتکار عاصم قادری ، فاؤنڈری سروس سنٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جاوید ا فضل اور فاؤنڈری کی صنعت کے عالمی ایکسپرٹ نبیل خان نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر فضل اے خالد نے اپنے خطاب میں فاؤنڈری کے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ عالمی اور علاقائی سطح پر چائنہ پاکستان اکنامک کاریڈور جیسے منصوبوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے آگے بڑھیں ۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈری سروس سنٹر کی معاونت سے مقامی فاؤنڈریاں عالمی معیار کی مصنوعات بنا نے کے قابل ہو چکی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مصنوعات متعارف کرائیں۔

انہوں نے فاؤنڈری سروس سنٹر کے قیام میں سمیڈا کے قیادتی کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ یو ای ٹی سمیڈا کے ساتھ انجینئرنگ سے متعلقہ شعبوں کی ترقی کیلئے اشتراک عمل جاری رکھے گی۔انہوں نے سٹیل کاسٹنگ میتھڈ کے موضوع پر ٹریننگ پروگرام کے انعقاد پر سمیڈا کے علاوہ پاکستان فاؤنڈری ایسوسی ایشن کا بھی شکریہ ادا کیااور کہا کہ اس اہم موضوع پر مزید ٹریننگ ورکشاپس منعقد ہونی چاہییں۔اس موقع پر فاؤنڈری کی صنعت کے عالمی ایکسپرٹ اور ٹریننگ پروگرام کے ریسورس پرسن مسٹر نبیل اے خان نے شرکاء کو سٹیل کاسٹنگ کی جدید ترین تکنیک سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سٹیل کاسٹنگ کے جدید طریقے اپنا کر مقامی فاؤنڈریاں نہ صرف اپنی مصنوعات کے معیار کو عالمی سطح پر لا سکتی ہیں بلکہ مصنوعات کی تیاری کے دوران کاسٹنک کے عمل میں ہونے والے مال اور اخراجات کے زیاں کو بھی بے حد کم کر سکتی ہیں۔فاؤنڈری سروس سنٹر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد جاوید افضل نے اپنے خطاب کے دوران فاؤنڈری سروس سنٹر میں دستیاب خدمات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی اور کہا کہ فاؤنڈری کے مقامی صنعتکاروں کو ان خدمات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔

مزید : کامرس


loading...