تاجر برادری جدہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کو کامیاب بنائے گی: صدر ایف سی سی آئی

تاجر برادری جدہ کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کو کامیاب بنائے گی: صدر ایف سی سی ...

فیصل آباد (بیورورپورٹ) تاجر برادری فیصل آباد سے مدینہ منورہ کی طرح پی آئی اے کی فیصل آباد۔جدہ پرواز کو کامیاب بنانے کیلئے بھی بھرپور تعاون کرے گی۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر قیصر اقبال سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔چیمبر کے صدر نے کہا کہ فیصل آباد کے برآمدکنندگان ہر سال کئی کئی بار دنیا کے مختلف ملکوں کا چکر لگاتے ہیں جبکہ حج اور عمرہ کیلئے جانے والوں کے علاوہ سعودی عرب میں ملازمت کرنے والو ں کی بڑی تعداد بھی یہاں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر لوگوں کی ضروریات کیلئے کئی سالوں سے یہاں سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے مگر بد قسمتی سے پی آئی اے نے اس پر کوئی توجہ نہ دی تاہم اب کئی غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے یہاں سے براہ راست پروازیں شروع کر دی ہیں جس کے بعد پی آئی اے کو ہوش آیا اور اس نے بھی فیصل آباد سے مدینہ منورہ کیلئے براہ راست پرواز شروع کر دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ فیصل آباد سے چلنے والی اس پرواز کیلئے پی آئی اے کو مکمل لوڈ ملا۔ اس بات سے پی آئی اے کو اندازہ ہو جانا چاہیئے کہ کاروباری حوالے سے فیصل آباد کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے 8جنوری 2016 ء سے فیصل آباد سے جدہ کیلئے شروع کی جانے والی پرواز کا بھی خیر مقدم کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس کیلئے بھی پی آئی اے کو پورا لوڈ ملے گا۔ جبکہ ان پروازوں کے ذریعے فیصل آباد کے شہریوں کو اپنے شہر سے براہ راست پرواز ملنے کے ساتھ ساتھ وقت کی بھی بچت ہوگی۔ قیصر اقبال نے کہا کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ نے فیصل آباد کی ضروریات کیلئے فی الحال فیصل آباد سے مدینہ منورہ اور فیصل آباد سے جدہ کیلئے ہفتہ میں ایک ایک پرواز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مسافروں کے لوڈ اور جہازوں کی دستیابی کی صورت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی فیصل آباد سے مدینہ منورہ کیلئے پہلی پرواز کو کامیاب بنانے پر فیصل آباد کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ فیصل آباد ۔جدہ کی پرواز کو بھی اسی طرح کامیاب بنائے گی۔

مزید : کامرس


loading...