شہر کی خوبصورتی کے لئے ماڈل ریڑھیوں کا افتتاح 7جنوری کو ہو گا

شہر کی خوبصورتی کے لئے ماڈل ریڑھیوں کا افتتاح 7جنوری کو ہو گا

لاہور( جنرل رپورٹر)’’خوبصورت لاہور‘‘ کے تحت شہریوں کو صحت کے اصولوں کے مطابق غذا کی فراہمی اور شہر کی خوبصورتی کے لیے ماڈل ریڑھیوں کا افتتاح 7 جنوری کو ہوگا۔ افتتاحی فیز میں 29 ماڈل ریڑھیاں تیار کی گئی ہیں جو لاہور کے منتخب بازاروں میں اخوت کے تعاون سے ریڑھی بانوں کو دی جائیں گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ماڈل ریڑھیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مزید کہا کہ مارچ 2016ء کے آخر تک ڈیڑھ سو کے قریب ماڈل ریڑھیاں فراہم کی جائیں گی جبکہ 10 جنوری کو پی ایچ اے کے زیر انتظام تین پارکوں میں بھی موبائل ماڈل ریڑھیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر کمشنر آفس سی ڈی جی ایل لاہور، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اخوت دستخط کریں گے جبکہ ’’خوبصورت لاہور‘‘ کے تحت کمشنر آفس سارے مراحل کی مانیٹرنگ کرے گا اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور بازاروں کا تعین کرے گی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ ریڑھیوں کے ماڈلز کو ماہرین کی منظوری کے بعد لانچ کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ صاف ستھری غذا کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن صاحبزادی وسیمہ عمر سمیت پنجاب فوڈ اتھارٹی، پی ایچ اے، سی ڈی جی ایل اور اخوت کے افسران و ذمہ داران نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...