اسلم اظہر کا انتقال پرملال

اسلم اظہر کا انتقال پرملال

پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے سابق چیئرمین اور سابق منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اسلم اظہر 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، انہیں اسلام آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نشریاتی خدمات چار عشروں پر محیط ہیں، وہ پی ٹی وی کے بانیوں میں سے تھے اور اس وقت پرائیویٹ ٹی وی چینلوں پر جو تربیت یافتہ لوگ مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ اسی دور کے تربیت یافتہ ہیں جب اسلم اظہر پہلے ڈائریکٹر اور پھر چیئرمین و ایم ڈی رہے۔ ان کے والد اے ڈی اظہرخوشگوار شگفتہ گو شاعر تھے۔ ’’لذت آوارگی‘‘ ان کا اکلوتا مجموعہ کلام ہے۔ اسلم اظہر پی ٹی وی کی آمد کے ساتھ ہی اس سے وابستہ ہوگئے تھے ڈھونڈ ڈھونڈ کر جوہر قابل کو ٹی وی میں لائے۔ ان کے دور پر ایک نظر ڈالنے سے اس رائے کی تصدیق ہو جاتی ہے۔کہ انہوں نے پی ٹی وی کو بام عروج پر پہنچایا۔ ضیاء محی الدین کو بھی وہی پی ٹی وی میں لائے جو لندن میں مقیم تھے اور ان سے مشہورزمانہ ’’ضیاء محی الدین شو‘‘ کرایا۔ اشفاق احمد، آغا ناصر، مختار صدیقی، نصیر انور، محمد نثار حسین (ایم این ایچ) نثار حسین، فضل کمال، مہناز رفیع، کمال احمد رضوی، ننھا (رفیع) اور سلطان کھوسٹ جیسے فن کار ان کی کوششوں سے پی ٹی وی سے وابستہ ہوئے۔ وہ کافی عرصے سے گوشہ نشین تھے اور علالت کے باعث منگل کی شب انتقال کرگئے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو اپنے سایۂ عاطفت میں پناہ دے۔

مزید : اداریہ


loading...