وفاقی اورکے پی حکومت دہشتگردی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے،میاں مقصود

وفاقی اورکے پی حکومت دہشتگردی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے،میاں ...

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے مردان میں نادرادفتر کے باہر بم دھماکے میں 26افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ وفاقی اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات کرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کومزید متحرک اور فعال کیا جائے۔ تاکہ وہ ملک دشمن بیرونی عناصر کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کوبروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان کے حالات دن بدن شدید خراب ہوئے ہیں۔اب موجودہ سول اور عسکری قیادت کی کاوشوں سے ملک میں کچھ بہتری دکھائی دے رہی ہے۔خیبرپختونخواہ اور دیگرصوبوں میں مکمل امن کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان نام نہاد امریکی جنگ سے چھٹکارہ حاصل کرے۔انہوں نے کہاکہ افغانستان پر امریکہ 14سال قابض رہا اور اس نے وہاں لاکھوں مسلمانوں کاقتل عام کیا۔افغانستان میں امریکی جارحیت کے ردعمل میں پاکستان کاامن بھی تباہ وبرباد ہوگیا۔جنرل پرویزمشرف نے ایک امریکی کال پر پاکستان کی سلامتی وخودمختاری کوداؤپر لگا دیا جس کانتیجہ یہ نکلا ہے کہ ہم آج تک دہشتگردی کاشکار ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...