اوورسیز پاکستانی وطن کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، رانا مشہود

اوورسیز پاکستانی وطن کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، ...

لاہور( اپنے نامہ نگار سے ) اوورسیز پاکستانیز وطن کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کی قیادت ملک کے روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ مخالفین کے پلے سوائے گمراہ گن پراپیگنڈہ اور جھوٹ کے اورکچھ نہیں ہے۔ 2018ء تک پاکستان کو لوڈ شیڈنگ فری ملک بنانے کا تہیہ کررکھاہے۔ اگلے پندرہ برسوں میں پاکستان دنیا کی تین بڑی معیشتوں میں شمار ہوگا۔ وطن عزیز کو عراق، شام،لیبیا اور یمن جیسی شورشوں سے بچائے رکھنا وزیراعظم نوازشریف کے سیاسی ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم و سپورٹس رانا مشہود احمد خاں نے اوورسیزپاکستانیز کمیشن کے عہدیداران کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے کمشنر افضال احمد بھٹی، وائس کمشنر کیپٹن (ر)شاہین بٹ، اوورسیز پاکستانیز کے رہنماؤں افتخار رانا، نعمت اﷲ اور اراکین پنجاب اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور میں حال ہی میں منعقد ہونے والی عالمی انوسٹرز کانفرنس اور وزیراعلیٰ کے دورہ برطانیہ کے دوران پنجاب میں سرمایہ کاری کے انتہائی مفید معاہدوں اور ایم اویوز پر دستخط ہوئے ہیں ملک میں لوڈ شیڈنگ بتدریج کم ہورہی ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشر یف ایک زیرک اور تجربہ کارسیاستدان ہیں یہ ان کے سیاسی ویژن کا اعجازہے کہ بلوچستان کی قوم پرست جماعتیں اب قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان کی ترقی کی بات کرتی ہیں۔ اسی طرح ہماری قیادت نے سندھ کے سیاسی استحکام کے لیے سیاسی قربانی دیکر فی الحال اپنی سیاسی سرگرمیاں وہاں بند کررکھی ہیں وگرنہ حالیہ بلدیاتی انتخابات نے سندھ میں مسلم لیگ(ن) کی نمائندگی کی موجودگی کا توانا ثبوت فراہم کیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...