نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں خواتین کا اہم کردارہے،فرحانہ اورنگزیب
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین )کی ناظمہ فرحانہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ غربت ،مہنگائی،بے روزگاری اور ظلم وناانصافی کے خلاف جدوجہد میں اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور مستقبل کی تعمیر میں خواتین کا کردار اہم اور کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔جماعت اسلامی آئینی اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔ہمیں اپنے گھروں میں اسلامی تہذیب کو پروان چڑھانا ہوگا ۔گلی محلوں میں دعوت دین کوعام کرنا ہوگا اور ایک داعی دین کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین )کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع ارکان میں مرکزی شوریٰ کی رکن رابعہ عالم نے درس قرآن بھی دیا ۔اجتماع میں متفقہ طور پرایک قرارداد منظور کی گئی جس میں ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اپیل کی گئی ہے کہ نظریہ پاکستان اور مسلمانوں کے دشمن نریندر مودی کے دورے کے پس پردہ حقائق اور محرکات سے عوام الناس کوآگاہ کیا جائے اور بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانے کے بجائے قومی مفادات اور مسئلہ کشمیرسمیت دیگر اہم امور کو مقد م رکھا جائے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ جب تک بھارت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت نہیں دیتا بھارت سے دوستی اور پائیدار تعلقات کی بحالی ممکن نہیں ہے ۔بھارت کی جانب سے سندھ اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنا اور دریاؤں پر ڈیم بناکر آبی جارحیت کا ارتکاب کرنا جبکہ دوسری طرف تجارت کے نام پر اعتماد سازی کی باتیں کرنا دھوکے اور فریب کے سوا کچھ نہیں ہے۔ حکومت پاکستان معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور ملک کی سلامتی کو مقدم رکھتے ہوئے مضبوط خارجہ پالیسی اپنائے ۔فرحانہ اورنگزیب نے کہا کہ ایک مثالی ماں ،بہن،بیوی اور بیٹی روپ میں خواتین کے لیے اسلام میں بہت اعلیٰ او ر اہم مقام موجود ہے اور خواتین کو جو عزت و احترام اسلام نے عطا کیا ہے کسی اور مذہب نے نہیں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام سے بڑے پیمانے سے رابطے کی ضرورت ہے ۔توسیع دعوت کا میدان ہمارے لیے موجودہے ۔ہمارے پاس جو وسائل ہیں ہمیں ان ہی کے ذریعے اپنا کام کرنا ہے۔اپنے گھروں کو بنیادی یونٹ بنا ناہے اور اپنے بچوں اور اہل خانہ کو تحریک سے وابستہ کرنا ہے اور جو تحریک سے وابستہ ہیں ان کی وابستگی کو پختہ بناناہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے توسیع دعوت کا بہترین نمونہ نبی کریم ؐ اور صحابہ کرامؓ کی زندگی ہے ۔محبت ،اخلاص اور عوامی خدمت کے جذبے کے ذریعے دلوں کو فتح کیا جاسکتا ہے۔ قرآن وسنت اور لڑیچر کا مطالعہ ہمارے لیے ناگزیر ہے ۔مضبوط ایمان اور علم کے ذریعے دعوت کے کام کو مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھانا ہوگا ۔