گورنر مکہ مکرمہ نے مشاعر مقدسہ کا ترقیاتی منصوبہ تیار کرلیا

گورنر مکہ مکرمہ نے مشاعر مقدسہ کا ترقیاتی منصوبہ تیار کرلیا
گورنر مکہ مکرمہ نے مشاعر مقدسہ کا ترقیاتی منصوبہ تیار کرلیا

  


جدہ (محمد اکرم اسد) گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ مشاعر مقدسہ کا ترقیاتی منصوبہ تیار کرلیا ہے جس کے تحت 40 لاکھ حاجی قیام کرسکیں گے ،یہ منصوبہ مکہ مکرمہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے تیار کیا ہے۔ اس منصوبے کی اعلیٰ قیادت سے منظوری ملتے ہی عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔

الاقتصادیہ رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ منصوبے کے تحت تجویز کیا گیا ہے کہ منیٰ میں خیموں کا نظام جدید خطوط پر استوار کیا جائے، طہارت خانے کثیر تعداد میں بنائے جائیں، ائیرکنڈیشنڈ کے راستے قائم کئے جائیں۔منیٰ کے مقام پر نئے خیموں کی تنصیب، راستوں کو ہوادار بنانے اور باتھ رومز کا قیام شامل ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عرفات اور مزدلفہ کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جاے گا۔اس منصوبے میں مزدلفہ اور مقام عرفات کو بھی وسیع کیا جائے گا تاکہ ان میں ایک ہی وقت میں چالیس لاکھ حجاج کرام قیام کرسکیں۔شہزادہ خالد الفیصل نے فیوف الرحمان کی خدمات پر مامور 40 اداروں کے اشتراک سے حج ورکشاپ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت نے ایک تو وزارت حج قائم کررکھی ہے۔ دوم اعلیٰ حج کمیٹی اور سوم مرکزی حج کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سعودی حکومت کی تمام وزارتیں حج خدمات کو اپنی ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہیں۔ خالد الفیصل نے اطمینان دلایا کہ مشاعر مقدسہ کا ترقیاتی منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا اس پر عمل درآمد کے سلسلے میں اخراجات کا خیال نہیں کیا جائے گا، جتنا بھی خرچ ہوکیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نجی اداروں کو مشاعر مقدسہ کے ترقیاتی منصوبے میں شریک کیا جائے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حج کے موسم میں غلطیاں مختلف اداروں کی من مانی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے تمام حج ادارے ایک دوسرے سے رابطہ کرکے ٹیم ورک کے طور پر کام کریں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ اعلیٰ قیادت کی ہدایت کے مطابق حج موسم ختم ہوتے ہی ہم انتظامات کے مثبت اور منفی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے سفارش کی کہ حج ورکشاپس ایسی سفارشات منظور کریں جن کے تحت حج انتظامات ایک سائبان تلے انجام دئیے جائیں، فیلڈ سروس میں یگانگت لائی جائے۔

مزید : بین الاقوامی


loading...