وفاقی وزیرتجارت کی ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

وفاقی وزیرتجارت کی ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

  



لاہور(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک نے فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو تیز کرنے میں اہم اور بھر پور کردار ادا کریں گے۔ ہفتے کو اپنے پیغام میں وفاقی160وزیر نے یونائٹڈ بزنس گروپ کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک کو ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کاروباری اور اقتصادی استحکام کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور ملک کی مجموعی برآمدات میں اضافہ کے لئے ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مشاورت کے بعد متعدد ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے فیڈریشن آف چیمبرز کے نو منتخب صدر غضنفر بلور کو بھی مبارکباد دی اور امید کی کہ وہ کاروباری برادری کے خدشات اور مسائل کو حل کرنے کی بھر پورکوشش کریں گے اور کاروباری برادری میں اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ وفاقی وزیر تجارت نے ایف بی سی سی آئی کے انتخابات میں تاریخی فتح پر یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کوبھی کو مبارکباد دی۔ پرویز ملک نے کہا کہ ان کی وزارت تجارتی اور معاشی استحکام کیلئے کاروباری برادری کو پوری معاونت فراہم کرے گی

اور تیز رفتار ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیکج پر عمل درآمد کے لئے بھی عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ افتخار علی ملک نے وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک کی مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار دوست ماحول سے ہمارے کارکنوں کی صلاحیتوں اور کارکردگی میں اضافہ اور بین الاقوامی منڈیوں میں مصنوعات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ وفاقی تجارت وزیر اقتصادی بحالی اور کاروبار کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی سیاسی استحکام سے براہ راست منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی طرز پر تیز رفتار صنعتی ترقی کے لئے بجلی اور گیس ٹیرف کے خصوصی پیکیج متعارف کرائے کیونکہ مہنگے ٹیرف اور زیادہ شرح ٹیکس کے باعث پیداواری لاگت میں اضافے کی وجہ سے ہماری مصنوعات عالمی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کر سکتیں۔

مزید : کامرس