بنک آف پنجاب نے دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ایم او یو پر دستخط کردئیے
لاہور (پ ر):بنک آف پنجاب اور نیسلے نے شراکت داری کے ایک ایم او یو پر دستخط کردئیے ہیں جس کا مقصد دودھ کی پیداوار سے منسلک کسانوں کو مالی امداد کی فراہمی کے ذریعے پاکستانی ڈیری فارمرز کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانا ہے۔اس مقصد کیلئے بنک آف پنجاب نیسلے ڈیری فارمرز کو جانور، ڈیری مشینری وآلات کی خریداری نیز ڈیری فارم بنانے اور روزمرہ اخراجات کو پورا کرنے کیلئے آسان شرائط پر سرمایہ فراہم کرے گا۔500 سے زیادہ شاخوں پر مشتمل نیٹ ورک کے حامل بنک آف پنجاب نے اپنے سمارٹ برانچز کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی حاصل کرتے ہوئے مالی استحکام کے اہداف کو پورا کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ نئی کھلنے والی سمارٹ برانچیں ایک دوسرے کے ساتھ آن لائن رابطے سے منسلک ہیں اور بنکاری کی جدید خدمات کی حامل ہیں۔بنک آف پنجاب کی زرعی شعبے (خاص طور پر ڈیری انڈسٹری) کی ترویج کا عزم ہی بنک ہذا کی نیسلے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا باعث بنا ہے۔واضح رہے کہ نیسلے پاکستان ملک میں دودھ کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔امید ہے کہ اس شعبے کی ترویج و ترقی کے سلسلے میں یہ اقدام دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔