فیڈریشن الیکشن‘ یوبی جی کلین سویپ کرتے ہوئے تمام نشستوں پر کامیاب

فیڈریشن الیکشن‘ یوبی جی کلین سویپ کرتے ہوئے تمام نشستوں پر کامیاب

  



لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے سالانہ انتخابات میں یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے کلین سویپ کرتے ہوئے تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی اور اپنے مد مقابل گروپوں پاکستان بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کے تمام امیدواروں کو شکست دے دی۔ یو بی جی کے صدارتی امیدوار غضنفر بلور، سینئر نائب صدر سید مظہر علی ناصر، نائب صدورکریم عزیز ملک، شیخ عاطف اکرم، چوہدری عرفان یوسف، شبنم ظفر، سیدہ سعیدہ بانو، محمد شفیق انجم، چوہدری جاوید اقبال، زاہد سعید، طارق سلیم اور وحید احمد نے اپنے مد مقابل امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ یاد رہے کہ یو بی جی نے اپنے قیام کے بعد مسلسل چوتھی مرتبہ بھاری اکثریت کے ساتھ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یو بی جی کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک، سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل، یو بی جی سندھ کے چیئرمین خالد تواب اور دیگر تاجر رہنماؤں نے یو بی جی پر اعتماد کا اظہار کرنے اور بھر پور کامیابی دلانے پر ووٹرز اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونائٹڈ بزنس گروپ تاجر اور صنعتکار برادری کو درپیش مسائل کے حل اور ملک میں بزنس فرینڈلی پالیسیوں کے فروغ کیلئے اپنے 30 نکاتی ایجنڈا پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔

مزید : کامرس


loading...