کراچی چیمبر اور ہاشمانی فاؤنڈیشن کے مشترکہ طبی کیمپ کاانعقاد

کراچی چیمبر اور ہاشمانی فاؤنڈیشن کے مشترکہ طبی کیمپ کاانعقاد

  



کراچی (این این آئی)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) اور ہاشمانی فاؤنڈیشن کی جانب سے کے سی سی آئی کے مجید باوانی آڈیٹوریم میں ایک روزہ فری طبی کیمپ لگایا گیا جس میں ہاشمانی اسپتال کے طبی ٹیم نے کولیسٹرول، یورک ایسڈ،ہڈیوں اور آنکھوں کا مفت معائنہ کیا۔کے سی سی آئی کے بڑی تعداد میں ممبران اور اسٹاف کے علاوہ بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی، قائمقام صدر کے سی سی آئی عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف، کراچی چیمبر کی سب کمیٹی برائے صحت وتعلیم کے چیئرمین اسماعیل سوریا اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی طبی کیمپ کا دورہ کیا اور مختلف ٹیسٹ کروائے۔ہاشمانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے ہاشمانی فاؤنڈیشن کے کامیاب سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہاشمانی اسپتال دنیا بھر میں استعمال کی جانے والی اسٹیٹ آف آرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آنکھوں کے علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کررہاہے نیز تحقیقی کاموں پر بھی اسپتالمیں خاص توجہ دی جاتی ہے جو مختلف بین الاقوامی جریدوں میں شائع ہوچکے ہیں۔ہاشمانی اسپتال ضرورت مند مریضوں کو آنکھوں کے علاج کی مفت سہولت فراہم کرتا ہے جبکہ دیگر مریضوں سے بھی انتہائی مناسب چارجز لیے جاتے ہیں۔اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے ہاشمانی اسپتال کی شاندار خدمات باالخصوص ضرورت مند مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کو سراہا اور کراچی چیمبر کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔انہوں نے بزنس مین گروپ کی کامیابی کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین ہاشمانی فاؤنڈیشن کو بتایا کہ بی ایم جی گزشتہ دو دہائیوں سے کے سی سی آئی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتا چلا آرہاہے جس کی وجہ عوامی خدمت کی شفاف پالیسی ہے ۔

جس کے نتیجے میں بی ایم جی کو تاجروصنعتکار کی 95فیصد حمایت حاصل ہے۔ان تمام سالوں کے دوران ہماری شفاف پالیسی اور ایمانداری کی بدولت ہم نے1998 کے کراچی چیمبر کو بدل کر آج ایک خودکفیل اور منافع بخش ادارہ بنا دیا ہے جو کلفٹن کے علاقے میں اپنے مالی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اراضی خریدنے کے قابل بنا جہاں کے سی سی آئی کی نئی عمارت تعمیر کی جارہی کررہاہے جسے اگلے تین سالوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔کے سی سی آئی کے قائمقام صدر عبدالباسط عبدالرزاق نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہاکہ یہ امر باعث خوشی ہے کہ ہاشمانی اسپتال 1981سے اب تک آنکھوں کے علاج کے شعبے میں ایک کامیاب اسپتال کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ہم تہہ دل سے ہاشمانی فاؤنڈیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں خاص طور پر ہاشمانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر شریف ہاشمانی کی جانب سے کراچی چیمبر کے تعاون سے ایک روزہ مفت طبی کیمپ لگانے پر شکر گزار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کے سی سی آئی ہر سال اسی قسم کے طبی کیمپ لگاتا رہا ہے جو انڈس اسپتال،ڈاکٹرعیسیٰ لیبارٹری اور افضل میموریل تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کے اشتراک سے لگائے گئے جہاں اسی طرز کے چیک اپ کی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں ہیں اور ساتھ ہی انسانیت کی خدمت کے لیے خون کے عطیے بھی جمع کیے گئے۔کے سی سی آئی کے قائمقام صدر نے ہاشمی فاؤنڈیشن کو مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا تاکہ عوام کو صحت سے متعلق مختلف مسائل سے نمٹنے کے لیے آگاہی فراہم کی جاسکے کیونکہ بیماریوں کی بروقت تشخیص سے ان پر باآسانی قابو پایاجاسکتا ہے۔

مزید : کامرس


loading...