ترک ڈراموں کی پوری دنیا میں مقبولیت قابل فخرہے:ابراہیم ایرن
انقرہ(اے پی پی)ترکی کے ریڈیو اور ٹی وی کے ڈراموں کے ڈائریکٹر جنرل ابراہیم ایرن نے کہا ہے کہ ترک ڈراموں کا دنیا بھر کے چینلز پر دکھایا جا نا ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق ابراہیم ایرن نے کہا کہ ترک ڈراموں خاص کر دیریلی ایرطغرل اور بچوں کے پروگراموں میں دلچسپی کی وجہ سے ان کی ریکارڈ فروخت رہی ہے۔انھوں نے بتایا کہ گزشتہ برس ترکی کے تیارکردہ ڈراموں سمیت متعدد پروگراموں کی فروخت سے 70 ملین لیرے آمدنی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مشرق وسطیٰ ، شمالی افریقا،بلقان،مشرق بعید اور لاطینی امریکہ کے 100 سے زائد ممالک میں ترک ڈرامے اور بچوں کے پروگرام دکھائے جا رہے ہیں۔ ہمارا ہدف زیادہ سے زیادہ ممالک میں ترک ڈراموں کو فروخت کرنا اور انھیں ترکی کی ثقافت سے متعارف کروانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے یورپ اور شمالی امریکہ میں بھی دکھائے جا سکنے والے10 قسطوں پر مبنی 45 منٹ کے ڈرامے تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوروڈیٹا کی تحقیق کے مطابق دنیا میں دکھائے جانے والے غیر ملکی پروگراموں کا 30 فیصد ترکی کی پروڈکشن ہے جوکہ ایک عظیم کامیابی ہے۔