شریف خاندان کے اقتدار کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہوجائے گا، علیم خان

شریف خاندان کے اقتدار کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہوجائے گا، علیم خان

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ رواں سال کے ساتھ ہی شریف خاندان کے اقتدار کا سورج بھی ہمیشہ کیلئے غروب ہو رہا ہے اب عمران خان کی قیادت میں ملک گیر تبدیلی نا گزیر ہے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہر طرح سے ما ڈل ٹاؤن کے شہداء کے ساتھ ہے اور پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق جو قدم بھی اٹھایا گیا پی ٹی آئی کا ہر کارکن دامے،درمے اور سخنے اس میں بھرپور ساتھ دے گا ،عبدالعلیم خان نے آج یہاں ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ارمانوں اور جانوں کا خون کرنے والے دوبارہ کبھی واپس نہیں آئیں گے اور قاتلوں، چوروں اور لٹیروں کو سعودی عرب کے پھیروں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے جو بویا، وہی کاٹنا پڑے گا،عوام کرپٹ مافیا کو سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں،عبدالعلیم خان نے کہا کہ جمہوریت کی آڑ میں بادشاہت کو فروغ دینے والوں کولوٹ مار کا حساب دینا پڑے گا انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کیخلاف زہر اگل کر خود کو مظلوم ثابت کرنے والے ابھی تک اپنی مقبولیت کے زعم میں مبتلا ہیں،سرکاری خرچ پر پٹواریوں اور حواریوں کی مدد سے جلسوں میں اداروں کیخلاف نعرہ بازی پر خوش ہونے والے سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں نکل کر عوام کے جذبات سنیں تو ان کی خوش فہمیاں دور ہوجائیں گی،مہنگائی اور مسائل کے مارے لوگ کرپشن کے بادشاہوں کو بددعائیں دیتے نہیں تھکتے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاناما کیس تو ایک بہانہ بنا شریف خاندان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء سمیت مظلوموں اور محکوموں کی آہیں لے ڈوبی ہیں،کرپٹ ٹبر کی آمرانہ سوچ سے تنگ آئے ارکان اسمبلی استعفے جیب میں ڈال کر پھر رہے ہیں،نواز لیگ کی صفوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے کہ خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات پارٹی کی مقبولیت کا پول کھول دینگے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ارکان اسمبلی کو مہینوں ملاقات کا وقت نہ دینے والے فنڈز کی بندر بانٹ سے انتشار روکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر تماشا لگانے والے نااہل نواز شریف عوام میں ورغلانے میں ناکام رہے، کرپشن کیسز میں منطقی انجام سے بچنے کیلئے رحم کی اپیل کرنے بھی غیر ملکوں کے در پر پہنچے لیکن انہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے، حساب بھی یہیں ہوگا، پی ٹی آئی قاتلوں اور لٹیروں کو کیفر کردار تک پہچانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...