پاکستان دفاعی فوجی بلاک بنانے کیلئے پیشرفت کرے، آفتاب لودھی

پاکستان دفاعی فوجی بلاک بنانے کیلئے پیشرفت کرے، آفتاب لودھی

  



لاہور (پ ر) چیئرمین پاکستان عوامی تحریکِ انقلاب پروفیسر آفتاب لودھی نے کہا کہ پاکستان چین،روس،شمالی کوریا،ترکی اور ایران کیساتھ دفاعی فوجی بلاک بنانے کے لئے پیشرفت کرے۔گزشتہ روز تحریک کی دفاعی کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کی جنگ لڑتے ہوئے 11/9 سے آج تک نقصان اٹھا رہا ہے اور بھارت اور افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردمسلسل کاروائیاں کر رہے ہیں جبکہ وہ دہشتگردی امریکہ کو نظر نہیں آ رہی اور نہ ہی ان کی مذمت کی جاتی ہے۔پاکستان تیزی سے افغان بارڈر پر دفاعی باڑ لگا رہا ہے لیکن بارڈر پار دہشتگردی کا الزام ختم ہوتا نظر نہیں آ تا کیونکہ پاکستان ایٹمی قوت بن چکا ہے اور امریکہ پاکستان پر جارحیت کے لئے بہانہ تلاش کر رہا ہے۔پروفیسر آفتاب لودھی نے کہا کہ ایک جانب امریکہ پاکستان پر جارحیت کی دھمکیاں دے رہا ہے،قوم سو رہی ہے۔حکمران صرف حکومتی دفاع اوردوامِ اقتدار کیلئے جبکہ سیاسی قائدین حصول اقتدار کے لئے سب کچھ داؤ پر لگا ئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لئے فوری اور ٹھوس اقدام نہ اٹھائے گئے تو ہم شدید ترین مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1