ن لیگ کی قیادت نے عوام سے کئے تمام وعدے پورے کردیے، نبیلہ یاسمین

ن لیگ کی قیادت نے عوام سے کئے تمام وعدے پورے کردیے، نبیلہ یاسمین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(دیبا مرزا) مسلم لیگی رہنما و ممبر ڈسٹرکٹ اسمبلی نبیلہ یاسمین نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے قائدین میاں محمد نواز شریف ‘ میاں محمد شہباز شریف مریم نواز اور میاں حمزہ شہباز شریف نے عوام کے ساتھ جو انتخابی وعدے کئے تھے آج ہم نے ان تمام وعدوں کو پورا کردیا ہے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا بھی خاتمہ ہو چکا ہے ‘ اللہ کی مہربانی سے دہشت گردی پر بھی قابو پا لیا گیا ہے مہنگائی بے روز گاری کا بھی خاتمہ کردیا گیا ہے اور بلدیاتی نظام بھی اپنی اصل روح کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور مجھ جیسی ایک پارٹی کارکن بھی بطور ایک ڈسٹرکٹ ممبر کے کام کررہی ہے اللہ کا شکر ہے کہ ہم نئے سال میں اپنے تمام تر وعدوں کی تکمیل کرنے کے بعد داخل ہو رہے ہیں آنے والا نیا سال بھی مسلم لیگ کی کامیابیوں کی نوید لیکر آئے گا اور اس سال (ن) لیگ مخالف پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی والوں کی سازشی سیاست کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا اور ہر طرف شیر ہی حکومت کرے گا ہمیں امید ہے کہ نئے سال کے الیکشنوں میں ہم پنجاب سمیت ملک بھر میں حکومت بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے روز نامہ پاکستان کے ساتھ انٹرویو کے دوران کیا۔ نبیلہ یاسمین کا کہنا تھا کہ میٹروبس سروس اوراورنج لائن میٹرو ٹرین نے پاکستان بالخصوص لاہور کے حسن کو چار چاند لگا دئیے ہیں اور اس طرح کے میگا منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کا امیج دنیا بھر کے بہترین ممالک کے طور پر سامنے آیا ہے جتنے کام وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کروارہے ہیں اس سے دوسرے صوبوں کے عوام کی بھی یہ خواہش ہے کہ انہیں شہباز شریف جیسا محنتی اور انتھک وزیراعلی مل جائے جس نے صوبہ پنجاب کی تقدیر بدل کررکھ دی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح سے میٹرو اب لاہور کے نواحی شیخوپورہ کے درمیان رابطے قائم کرنے کا بھی ذریعہ بن گئی ہے ، اس سروس سے روزانہ ان گنت لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں،شیخوپورہ کی ترقی سے یہاں کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے لاہور بھر میں بننے والی نئی سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے سے یہاں پر ترقی کی نئی راہیں کھل گئی ہیں مسلم لیگ ن نے لاہور ڈویژن کی ترقی کے لئے ٹھو س اقدامات کئے ہیں ،شیخوپورہ کی ترقی کے لئے مثالی منصوبے شروع کئے گئے ہیں ، شیخوپورہ پاور پلانٹ سے پاکستان ترقی کے نئے دور میں شامل ہوگا ،شیخوپورہ کے اس پلانٹ سے پیدا ہونے والی بجلی پورے پاکستان کو دستیاب ہوگی،اس پلانٹ سے شیخوپورہ کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے ،اب اہل شیخوپورہ بھکی کا اپنا مرکز سمجھتے ہیں جہاں سے بجلی کی پیدا کرکے ملک کو روشن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو لاہورآتے ہی اورنج لائن ٹرین یاد آجاتی ہے اور وہ ہر وقت اورنج لائن ٹرین منصوبے پر تنقید کرتے ہیں لیکن اپنے صوبے کی پی کے میں اس کی تعمیر شروع کردیتے ہیں وہ کوئی سیاست دان نہیں بلکہ ایک کنفوز شخص ہیں اسی لئے اب ان کی پارٹی کے لوگوں نے بھی ان کی باتوں پر کان دھرنا چھوڑ دیا ہے اور ان کی پارٹی کے باشعور کارکنان بھی اب ہمارے ساتھ رابطے کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اپنی منفی سیاست نہ کرتے تو آج سی پیک جیسا عالمی منصوبہ بھی مکمل ہو چکا ہوتا لیکن ان کی وجہ سے یہ منصوبہ کئی مہینوں تک التواء کا شکار رہا اور عالمی سرمایہ کاری بھی رکی رہی وہ اب بھی اپنے طرز سیاست پر غور کرنا شروع کردیں تو اس طرح سے ان کی عوام کے اندر ساکھ بحال ہو سکتی ہے وگرنہ عوام انہیں ووٹ نہ دیکر ان سے بدلہ لیں گے کہ انہوں نے ملکی ترقی کی راہ میں روڑے کیوں اٹکائے تھے۔