متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث 3گروہوں کے 15خطرناک ملزمان گرفتار
لاہور(خبرنگار) ایس پی سی آئی اے سید ندیم عباس نے انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سی آئی اے پولیس نے ڈکیتی، ہاؤس رابری اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث 3گروہوں کے15ملزموں کو گرفتار کر کے ایک کروڑ 78لاکھ روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنزمیاں شفقت علی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے ڈکیتی، راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطر ناک لاٹو ڈکیت گینگ کے سرغنہ ایاز خان عرف لاٹو اور 5ساتھیوں غفور عرف کالی، پیراں دتہ، آصف، مختار حسین اور محمد یٰسین کو گرفتار کرکے ان سے 5لاکھ روپے، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے لاہورکے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی اور راہزنی کی 40سنگین واردتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ انکے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے 33مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔اسی پولیس ٹیم نے نقب زنی کی واراتوں میں ملوث بھٹی نقب زن گینگ کے سرغنہ قمر زمان عرف بھٹی اور اس کے ساتھی سلامت علی کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 52لاکھ روپے نقدی برآمد کر لی ہے ۔ ملزموں نے شہر کے مختلف تھانوں میں نقب زنی کی 50 مزید وارادتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان کے خلاف مذکورہ تھانوں میں نقب زنی کے 37مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ اسی طرح ڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاؤن ریاض علی شاہ اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے منا ڈکیت و نقب زن گینگ کے سرغنہ رحمت عرف منا اور اس کے 6ساتھیوں کاشف علی عرف کاشی، عدنان، افتخار عرف کھاری،عرفان علی، محمد رفیع اور علی رضا کو گرفتار کرکے 21لاکھ روپے کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل فونزدیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا ہے۔یہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور لاہور سمیت فیصل آباد پولیس کے لیے بھی درد سر بنے ہوئے تھے۔ملزموں نے لاہور سمیت فیصل آباد کے مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی اور نقب زنی کی درجنوں مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔