نئے سال کااستقبال، منچلوں کی بھر پور تیاریاں پولیس نے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی

نئے سال کااستقبال، منچلوں کی بھر پور تیاریاں پولیس نے نمٹنے کیلئے حکمت عملی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لا ہور (کرائم رپورٹر)منچلوں نے نئے سال کا استقبال کرنے کیلئے بھرپور تیاریاں کر لیں ، موٹر سائیکلوں ،گاڑیوں کے سلنسر نکلوا دئے گئے جبکہ فارم ہاؤسز اور دیگر مقامات پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی،پولیس نے منچلوں سے نمٹنے کیلئے اپنی حکمت عملی مرتب کر لی جبکہ سیکیورٹی کے لئے بھی سخت انتظامات کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2018ء کا استقبال کرنے کیلئے نوجوان نسل نے اپنی بھرپور تیاریاں مکمل کر لی ہیں ، نئے سال کی مناسبت سے مارکیٹوں میں مختلف تحائف آ گئے ہیں جن کا آپس میں تبادلہ کیا جارہا ہے۔منچلوں نے نئے سال کا بھرپور استقبال کرنے کے لئے موٹر سائیکلوں اور اپنی گاڑیوں کے سلنسر نکلوا دئے ہیں جبکہ فارم ہاؤسز اور دیگر مقامات پر تقریبات کے لئے بھی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ دوسری طرف پولیس نے منچلوں سے نمٹنے اور غیر اخلاقی تقریبات کو روکنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرکے سکواڈ تشکیل دے دئے ہیں۔ پولیس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شاہراؤں پر کسی کو ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سلنسر نکالنے والوں کی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں تھانوں میں بند کر کے گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔ نئے سال کی مناسبت سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں داخلی اور خارجی راستوں پرسیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیاگیا ہے۔ پولیس کی طرف سے سرچ آپریشن بھی شروع کر دئے گئے ہیں۔

مزید :

علاقائی -