گو گیرہ ، دیرینہ رنجش پر اشتہاری ملزمان کی فائرنگ ، خاتون سمیت 5افراد قتل ،3شدید زخمی

گو گیرہ ، دیرینہ رنجش پر اشتہاری ملزمان کی فائرنگ ، خاتون سمیت 5افراد قتل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

صدرگوگیرہ،اوکاڑہ (نمائندگان)دیرینہ رنجش پر اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک عورت سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گوگیرہ کے نواحی گاؤں موضع اٹھوال خالصہ کے رہائشی حاجی ظفراقبال اور مشرو گروپ کے مابین دیرینہ رنجش چلی آرہی تھی ۔مشرو گروپ کے شوکت علی عرف شوکی اٹھوال کو شبہ تھا کہ کچھ عرصہ قبل ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم خالد عرف خالدی کو حاجی ظفراقبال نے مخبری کرکے گرفتارکروایا تھا ۔ اسی انجش کا بدلہ لینے کیلئے اشتہاری ملزم شوکت عرف شوکی موقع کی تلاش میں تھا۔حاجی ظفراقبال اپنی گاڑی نمبری FY502 ڈبل کیبن ڈالہ پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گوگیرہ شہر کی طرف آ رہا تھا کہ جب وہ گوگیرہ کی نواحی آبادی اراضی شنکر داس کے قریب پہنچا تو آگے سے شوکت عرف شوکی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گھات لگائے چھپا بیٹھا تھا گاڑی کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حاجی ظفراقبال سکنہ اٹھوال خالصہ،میاں خاں سکنہ سمندری،اشرف سکنہ وٹو چوک ،منظور سکنہ سمندری اور ایک خاتون نصرت بی بی زوجہ امانت سکنہ جھامرہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ تین افرادمحمد فاروق سکنہ اٹھوال خالصہ، کوثر علی اور کوثرپروین زوجہ ظفر عباس سکنہ جھامرہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ منتقل کردیا گیاہے ۔ اشتہاری ملزم شوکت عرف شوکی پولیس کوسنگین مقدمات میں مطلوب بھی ہے۔ ملزمان واردات کے بعد دریائی علاقے کی جانب فرارہوگئے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ گوگیرہ کی پولیس اور ریسکیو 1122 موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او اوکاڑہ حسن اسد علوی بھی فوری طور پرموقع پر پہنچ گئے اور صحافیوں کو بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری ملزمان کا پیچھا کر رہی ہے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مقامی پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو اوکاڑہ منتقل کر دیا ہے۔ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی ضیاء اور ایس ایچ او نصیر خان کی نگرانی میں پولیس ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کیلئے روانہ کر دی گئی ہیں جو کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں ڈی پی او حسن اسد علوی نے ڈی ایس پی ضیاء کو ہدایت کی جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوتے تھانہ گوگیرہ میں کیمپ آفس لگایا جائے پولیس نے شک کی بنا پر متعدد افراد کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

مزید :

علاقائی -