زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کومراعات فراہم کر نے کااعلان

زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کومراعات فراہم کر نے کااعلان

  



ہرارے (این این آئی)زمبابوے کے سابق صدر رابرٹ موگابے کوحکومت کی جانب سے رہائش ٗکاروں اور نجی ائر ٹریول، ہیلتھ انشورنس سمیت دیگر مراعات فراہم کی جائیں گی۔برطانوی میڈیاکے مطابق زمبابوے کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے موگابے کو 6 اہلکاروں پرمشتمل سیکیورٹی گارڈ سمیت 20 افراد کا اسٹاف فراہم کیا جائے گا جن کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔یاد رہے کہ موگابے کو گزشتہ ماہ احتجاج اور فوج کی مداخلت کے بعد ایک معاہدے کے تحت اپنی طویل حکمرانی سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔زمبابوے کے 93 سالہ معر رہنما کے ساتھ طے پانے والے خفیہ معاہدے کی تفصیلات پہلی مرتبہ موجودہ صدر ایمرسن میننگاگوا کے ذریعے سامنے آگئیں۔معاہدے کے مطابق پنشن کی رقم کی تفصیلات تو واضح نہیں ہوئی ہیں تاہم ملک کے آئین کے مطابق سابق صدر کی پنشن موجودہ صدر کی تنخواہ کے برابر ہوگی۔مقامی میڈیا نے انکشاف کیا کہ موگابے کو ممکنہ استعفے کے پیش نظر ایک کروڑ ڈالر ریٹائرمنٹ بونس ادا کی گئی تھیں جو معاہدے کا حصہ تھیں تاہم حکومت کی جانب سے ان دعوؤں کو مسترد کردیا گیا ہے۔

موگابے کیلئے اعلان کردہ نئے پیکیج میں مرسیڈیز بینز ایس 500 سیریز کی تین کاریں یا اسی معیار کی کاریں اور اسٹیشن ویگن اور پک اپ وین فراہم کی جائے گی جو ہر 5 سال بعد تبدیل ہوں گی ٗان تمام گاڑیوں کیلئے ایندھن کا انتظام بھی حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔موگابے اور ان کی اہلیہ کو سفارتی پاسپورٹس دئیے جائیں گے اور دونوں میاں بیوی زمبابوے کے اندر ہوائی جہاز یا ریل کے چار فرسٹ کلاس سفر اور نجی طیارے میں ملک سے باہر چار مرتبہ جا سکیں گے۔سابق صدر کو دارالحکومت ہرارے کے کسی بھی علاقے میں مکمل تزئین و آرائش کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ فراہم کی جائے گی جس کے ساتھ بلز اور انٹرٹینمنٹ الاؤنسز بھی شامل ہوں گے۔حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات میں موگابے اور ان کی اہلیہ کے علاوہ ان کے زیرکفالت افراد کو ہیلتھ انشورنس بھی دیا جائے گا۔خیال رہے کہ رابرٹ موگابے 21 نومبر کو ان کی حکمراں جماعت کی جانب سے مواخذے کے اعلان کے بعد معاہدے کے تحت استعفیٰ دیا تھا جبکہ فوج پہلے ہی مداخلت کرکے اختیارات کو ہاتھ میں لیا تھا۔موگابے کی جانب سے استعفے کے اعلان کیساتھ ہی ان کے 37 سالہ طویل حکمرانی کا خاتمہ ہوگیا تھا جس کے ساتھ ہی ان کے سابق نائب صدرایمرسن میننگاگوا کو متبادل صدر منتخب کیا تھا۔93 سالہ رابرٹ موگابے اس وقت دنیا کے معمر ترین سربراہ ریاست تھے جن کے اقتدار کا خاتمہ 37 سال بعد ہو۔رابرٹ موگابے نے 1980 میں زمبابوے کی برطانیہ سے آزادی کے بعد پہلے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا جبکہ 1987 میں صدر بن گئے تھے اور انھیں زمبابوے کی آزادی کی صف اول کے رہنما کی حیثیت حاصل تھی۔

مزید : عالمی منظر


loading...