ساڑھے چار برس کے دوران ، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس مکمل کئے ، شہباز شریف

ساڑھے چار برس کے دوران ، عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کے میگا ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ساڑھے چار برس کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لئے اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں۔اربوں روپے کے بڑے منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کا محور عام آدمی ہے۔ ہمارے منصوبوں کے باعث عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا ہے اور عوام کی زندگیوں میں سہولت آئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ روانگی سے قبل ویڈیو لنک کے ذریعے ماڈل ٹاؤن میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر منصوبے کے انٹرنل آڈٹ کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا ہے اور اس میکانزم کے باعث فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پنجاب حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے آڈٹ کا ایسا مؤثر نظام وضع کیا ہے جس کی وجہ سے منصوبے شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی جانب موڑا ہے۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کئے گئے ہیں جو کہ جنوبی پنجاب کی آبادی کے تناسب سے 10 فیصد زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر منصوبہ شفاف اور عوامی خدمت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 6 ماہ کے دوران عوام کی ترقی اور خوشحالی کو پہلے کی طرح مقدم رکھتے ہوئے مزید محنت سے کام کرنا ہے۔ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے دن رات ایک کردیں۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول


loading...