سپریم کورٹ کمیشن برائے صاف پانی نے شہر کے مختلف علاقوں سے نمونے لیے
لاہور (کامرس رپورٹر)سپریم کورٹ کمیشن برائے صاف پانی نے سیمپلنگ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کمیشن کے سربراہ ایڈووکیٹ فہد ملک نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی مدد سے شہر کے مختلف علاقوں سے سیمپل لیے۔ کمیشن نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی مدد سے واسا پانی اور منرل واٹر کے مختلف برانڈز کے سیمپل لیے۔ سیمپل کولیکشن اور تجزیئے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی سپریم کورٹ کمیشن کی خصوصی مدد کر رہی ہے۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اس سال دو دفعہ تمام شہروں کا پانی چیک کرا چکی ہے۔ 2017 میں فروری اور مئی میں شہروں کے تمام علاقوں کا پانی چیک کرایا گیا اور نتائج واسا اسمیت دیگر متعلقہ انتظامیہ سے شئیر کیے گئے تھے۔ پہلی دفعہ نتائج خراب آئے تاہم دوسری دفعہ کچھ بہتری نظر آئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاکہنا تھا کہ اشیا ئے خوردونوش کے معیار کی بہتری کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی تمام محکموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔