راولپنڈی: نشے کے عادی جنونی نے سسرال کے 20افراد کو 10گھنٹے یرغمال بنائے رکھا

راولپنڈی: نشے کے عادی جنونی نے سسرال کے 20افراد کو 10گھنٹے یرغمال بنائے رکھا

  



راولپنڈی (آن لائن)تھانہ مورگاہ کے علاقے آفیسر کالونی سے ملحقہ نئی آبادی مورگاہ میں مبینہ طور پر نشے کے عادی جنونی شخص نے اپنے ہی سسرالی خاندان کے20افرادکو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا واقعہ کی اطلاع ہی ملتے ہی سی پی او راولپنڈی ، ایس پی پوٹھوہار ، ایلیٹ فورس اور ضلعی پولیس کے علاوہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم ملزم نے10گھنٹے سے زائد وقت تک اہل خانہ کو یرغمال بنائے رکھاْ پولیس کی آمد کی اطلاع پر ملزم نے فائرنگ کر دی جس سے ملزم کا سسر جاں بحق اور ایلیٹ فورس کا ایک اہلکارزخمی ہو گیا پولیس کی فائرنگ سے ملزم بھی زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق 35سالہ عبدالرحیم نے جمعہ کی رات گھر کی چھت سے کودنے کی کوشش کی جسے روکنے پر مشتعل ہو کر اس نے اپنے ہی اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا پولیس کی آمد کا علم ہونے پر ملزم نے اندر سے فائرنگ کر دی تمام رات یرغمال بنائے رکھنے کے پیش نظر ایلیٹ فورس طلب کر لی گئی ۔ سی پی او راولپنڈی اور ایس پی پوٹھوہار بھی موقع پر پہنچ گئے ملزم کی فائرنگ سے اس کا سسر 50سالہ اکبر شدید زخمی ہو گیا ملزم کی فائرنگ کے جواب میں پولیس نے پہلے آنسو گیس کے شیل فائر کئے جس پر ملزم کی جوابی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا 35سالہ اہلکار خرم بھی سر اور پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ۔ پولیس یرغمال افراد کی زندگی بچانے کے لئے مختلف حربے آزماتی رہی، فائرنگ کے دوران پولیس نے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے باقی اہل خانہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا ملزم کے برادر نسبتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بہنوئی کنسٹرکشن کا کام کرتا ہے جو نشے کے ساتھ جوئے کا بھی عادی ہے حال ہی میں وہ اپنی 2کروڑ روپے مالیت کی کنسٹرکشن مشینری جوئے میں ہار چکا ہے جس کے بعد وہ مسلسل اپنے سسرالیوں سے خرچہ طلب کر رہا تھا اور اسی بنیاد پر اس کا اپنی بیوی سے بھی جھگڑا رہتا تھا گزشتہ روز ملزم نے تمام افراد کو بہانے سے ایک جگہ بلوا کر بلیک میل کرنے کے لئے پہلے چھت سے کود کر خود کشی کی کوشش کی اسے بچانے کی کوشش میں وہ مشتعل ہو گیا اور گن پوائنٹ پر اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا بتایا گیا ہے کہ یہاں 3خاندانوں کے 20افراد مقیم تھے جنہیں ملزم نے جمعہ کی رات یرغمال بنایا اس دوران گھر کی نچلی منزل پرایک کم سن بچہ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا جس کے اطلاع پر پولیس کال کی گئی۔سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گھر میں موجود یرغمال افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے تاہم ریسکیو کے دوران 1پولیس اہلکار اور ملزم سمیت3افراد زخمی ہوئے سی پی نے کسی فرد کے جاں بحق ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں تاخیر کی وجہ یہ تھی کہ ملزم نے20فراد کو یرغمال بنا رکھا تھا اور خدشہ تھا کہ پولیس کاروائی کی وجہ سے ملزم یرغمال افراد کو کوئی نقصان پہنچاتا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد رندھاوا نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے 50سالہ اکبر کی موت کی تصدیق کر دی ہے آر پی او راولپنڈی فخر وصال سلطان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زخمی ایلیٹ اہلکار کی عیادت کی اور جراتمندی پر شاباش دی یاد رہے کہ 2013میں ایسے ہی واقعہ میں سکندر نامی شخص نے کلاشنکوف کے ذریعے ریڈ زون میں5گھنٹے تک اسلام آباد کو یرغمال بنائے رکھا تھا ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...