مشیر خزانہ نے صحافیوں پر تشدد پر معافی مانگ لی

مشیر خزانہ نے صحافیوں پر تشدد پر معافی مانگ لی

  



کراچی (این این آئی)وفاقی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی میں مسلم لیگ ہاؤس میں صحافیوں پر تشدد کا واقعہ پیش آنے پر معافی مانگ لی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے جنرل سیکرٹری فہیم صدیقی کو فون کرکے واقعے پر معافی مانگی۔انہوں نے کہاکہ عصمت اللہ محسود اور اس کے ساتھی کو فوری طور معطل کردیا گیا ہے اور یہ مسلم لیگ کا کلچر نہیں ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر کے یو جے کے سیکرٹری نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ کے یو جے کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں گے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ ضرور درج کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ وہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے رابطے میں ہیں اور اگر پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا تو اندراج کے لیے خود تھانے بھی جائیں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران نامناسب رویئے کی شکایت پر لیگی رہنماؤں نے صحافیوں پر تشدد کیا اور ان کے کیمرے توڑ دئیے تھے۔یہ واقعہ وفاقی مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس کے دوران پیش آیاجہاں صحافیوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عصمت انور محسود کے رویے کی شکایت کی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...