مسلم لیگ ہاؤس میں صحافیوں پر تشدد، مشیر خزانہ نے معافی مانگ لی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ہاؤس میں صحافیوں پر تشدد، مشیر خزانہ نے معافی مانگ لی۔مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں صحافیوں پر تشدد کے واقعے پر معافی مانگ لی ہے۔مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے جنرل سیکریٹری کے یو جے فہیم صدیقی کو فون کرکے واقعے پر معافی مانگی ۔ انہوں نے کہاکہ عصمت اللہ محسود اور اس کے ساتھی کو فوری طور معطل کردیا گیا ہے ۔مفتاح اسماعیل نے کہاکہ غنڈہ گردی برداشت نہیں کریں گے، یہ مسلم لیگ کا کلچر نہیں ہے ۔کے یو جے کے سیکریٹری نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری گرفتار کیا جائے۔مشیر خزانہ نے کہا کہ کے یو جے کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں گے اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ ضرور درج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے رابطے میں ہیں اور پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا تو اندراج کے لیے خود تھانے بھی جائیں گے۔