ن لیگ نے اب صحافت پر بھی حملے شروع کر دئیے ہیں ،ڈاکٹر عارف علوی

ن لیگ نے اب صحافت پر بھی حملے شروع کر دئیے ہیں ،ڈاکٹر عارف علوی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی اور سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ نے مسلم لیگ ہاؤس میں ن لیگی کارکنان کی جانب سے صحافیوں پر تشدد اور بدکلامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں پر حملہ کرنا آزادی صحافت پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔ صحافی برادری حق اور سچ کی علمبردار ہے۔ ملک میں جیسے بھی حالات ہوں، لیکن صحافی برادری عوام تک حق اور سچ پہنچانے میں اپنی جان و مال کی پروا کیے بغیر مصروفِ عمل رہتی ہے۔ سیاسی جماعت کے کارکنان کا صحافیوں کو زدوکوب کرنا اور انہیں بندوق کی نوک پر دھمکانا ایک انتہائی شرمناک عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے، کم ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہاؤس‘‘ میں تحریک انصاف کے شعبہ اطلاعات کے عہدیداران سے ملاقات کے موقعے پر کہیں۔ اس موقعے پر دوا خان صابر، اظہر لغاری، طاہر ملک بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ صحافی برادری کا احترام اور ان کی پیشہ ورانہ خدمات پر اعتماد کیا ہے۔ ن لیگ اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے حق اور سچ کی آواز نہیں دبا سکتی۔ تحریک انصاف اس ظلم و زیادتی کے خلاف صحافیوں کے ساتھ ہر پلیٹ فارم پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ن لیگ نے فوج اور عدلیہ کے بعد اب صحافت پر بھی حملے شروع کر دئیے ہیں ۔ ہم وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے اور صحافیوں کو دھمکیاں دینے اور تشدد کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...