آئندہ انتخابات میں تمام اتحادی جماعتوں کو عبرتناک شکست دینگے :عاطف خان

آئندہ انتخابات میں تمام اتحادی جماعتوں کو عبرتناک شکست دینگے :عاطف خان

  



صوابی ( بیورو رپورٹ)صوبہ خیبرپختونخوا کے وزراء برائے صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی ،برائے تعلیم عاطف خان اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرید طوفان نے کہا ہے کہ ایم ایم اے سمیت جتنی بھی اتحاد یں پاکستان میں بن جائے تو تمام اتحادیں 2018 کے انتخابات میں ناکامی سے دوچار ہونگے ،اور کامیابی پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہوگی ،وفاق سمیت چاروں صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت بن کرملک کا آئندہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاؤں ڈاگئی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جس میں اے این پی کے مقامی رہنما ریاض خان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ،صوبائی وزراء نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی قائم حکومت نے اپنے دور میں مثالی امن قائم کرنے کے علاوہ صوبے میں ڈکیتی ،راہزنی ،اغواء برائے تاوان اور دیگر معاشرتی برائیوں پر قابو پالیا بلکہ سرکاری سکولوں میں ختم نبوتؐ کے مضمون کو شامل کرنے کے علاوہ ،ناظرہ و ترجمہ قرآن کو لازمی قرار دیا ،اسی طرح سود جیسے لعنتی کاروبار پر قابو پانے کیلئے قانون سازی کی ،ہمارے دور سے قبل صوبے میں بدامنی ،ڈاکو راج ،ظلم اور بدمعاشیاں عروج پر تھی ، انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان تحریک انصاف کی لچک ہیں ،لہٰذا عوام اپنے بچوں کے مستقبل انصاف اور میرٹ کی بالادستی کیلئے نہ صرف عمران خان کو ووٹ دے بلکہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا ہوگا اور اس کے نتیجے میں عمران خان کی قیادت میں ایک نیاپاکستان بنایا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ووٹ نوابوں اور امیروں کے پاس نہیں بلکہ غریب ،جوانوں اور متوسط طبقے کے ساتھ ہیں ، عمران خان نے اپنے صوبائی حکومت کے دور میں سب کچھ ثابت کردیا ،صوبے میں ماضی میں ملازمین ،ٹھیکے ،تھانے ،پٹوارخانے اور چوری شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت تھانوں میں ہوتے تھے اب نہ صرف امن قائم ہوا بلکہ کرپشن اور کمیشن کا خاتمہ کردیا ،اب صوبے میں کسی کی بدمعاشی اور ڈاکو راج نہیں ،اس وقت پاکستان میں عمران خان اُمید کی واحد کرن ہے ،پُرانے باتوں اور فرسودہ سیاست کا دور ختم ہوچکا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بزرگوں باچاخان بابا اور ولی خان بابا کا بے حد احترام کرتے ہیں وہ ایک نظری ،سوچ اور فکر کے مالک تھے ،ان کو سیاسی زندگی میں کسی نے ایزی لوڈ کیاتھا اور نہ ہی ان دونوں بزرگوں نے ملازمتیں اور ٹھیکے فروخت کئے تھے ،پختونوں کا لیڈر بزدل اور چور نہیں ہوسکتا ہے ،عمران خان ہی پختون قوم کا لیڈر ہوگا ،مولانا فضل الرحمن صوبائی حکومت کی جانب سے آئمہ کرام کی دس ہزار ماہانہ وظیفہ کو حرام قرار دیتے ہیں لیکن ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شپ کاعہدہ ،سرکاری گاڑی اور ہوائی جہاز کااستعمال ،سرکاری تنخواہ اور ڈیزل کاپرمٹ لینا حرام نہیں ،کیا یہ ان کیلئے حلال ہے ،انہوں نے کہا کہ آنے والا دور پی ٹی آئی کا ہے ،عوام عمران خان پربھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے،ایزی لوڈ ،ایس ایم ایس اور ڈیزل پرمٹ کادور گزر چکاہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...