دیر پائیں ضمنی الیکشن ،میرے اثر انداز ہونے کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے :مظفر سید ایڈوکیٹ

دیر پائیں ضمنی الیکشن ،میرے اثر انداز ہونے کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے :مظفر ...

  



پشاو سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈو کیٹ نے دیر پائیں کے ضمنی بلدیاتی انتخابات پران کے اثر انداز ہونے کے بارے میں بے بنیادالزام تراشی کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شکست خوردہ عناصر مذکورہ انتخابات میں عوامی رد عمل کو دیکھ کر اب ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں تاکہ کسی طرح اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر گراسکیں ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے دیر پائیں شاہی خیل تالاش میں تحصیل کونسل کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے ہاتھوں ہارنے والی دیگر پارٹیوں کے امیدواروں کی جانب سے میڈیا پرکی گئی بات چیت سے متعلق اتوار کے روز یہاں سے جاری کردہ ایک بیان میں اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسی طور پر بھی مذکورہ انتخابات پر نظر انداز ہونے یا سرکاری وسائل استعمال کرنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ وہ جمہوری اقدار کو سمجھتے ہیں اور اس سلسلے میں تمام قانونی ضوابط کا بھی انہیں بخوبی علم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ترقیاتی کاموں کی بات ہے تو پورے حلقہ پی کے94-دیر پائین میں ان کے پہلے سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور گزشتہ ترقیاتی منصوبوں کو مذکورہ تحصیل کونسل کے انتخابات سے جوڑنا حقیقت کے منافی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ مذکورہ انتخابات میں شکست کھانے والے عناصر جماعت اسلامی کے ہاتھوں شکست کی شدت محسوس کر کے اب سارا غصہ ان پر نکال رہے ہیں اگر علاقے کے عوام نے ان شکست خوردہ عناصر کو مسترد کیا ہے جنہوں نے عوام سے الیکشن میں حمایت حاصل کرنے کی توقع کر رکھی تھی تو اس میں ان کا کیا قصور ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا ہر رہنما خواہ وہ کوئی وزیر ہے یا کوئی اور عہدیدار، اپنے آپ کو ہر طرح کے احتساب کیلئے ہمہ وقت پیش کرتا ہے اور ہر کسی کیلئے بے رہم احتساب کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر طرح کے احتساب کیلئے تیار ہیں کیونکہ انہوں نے کوئی خلاف ضابطہ کام نہیں کیا اور نہ ہی کرنے کا سوچ سکتے ہیں اور اس سلسلے میں ان کا ضمیر مطمئن ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول