تھرپارکر میں غیر قانونی شکار،عدالت نے عرب شہزادے کو طلب کرلیا

31 دسمبر 2017 (13:08)

تھرپارکر (ویب ڈیسک)تھرپارکر میں غیرقانونی شکار عرب شہزادہ پیر کے روز عدالت طلب۔مٹھی عدالت نے ایک کسان کی درخوست پر عرب شہزادہ سمیت متعلقہ انتظامیہ کو نوٹس جاری کر دیئے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق مٹھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے نایاب جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار پرعرب شہزادے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر کے روزعدالت طلب کر لیا ہے۔

تھرپارکر کے گاﺅں لوڑیو کے ایک باشندے محمد یوسف راہموں نے سیشن جج مٹھی کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ تھر پارکر کے گیم سینکچری والے ممنوعہ علاقے میں شاہی خاندان کا شہزادہ غیر قانونی شکار کے لئے پہنچا ہوا ہےاور وہ گزشتہ پانچ سال سے بغیر کسی الاٹمنٹ کے شکار کرتا آرہا ہےاور اس سال ان کی لگائی گئی شکاری کیمپس سے مویشیوں کے راستے بند ہو کر رہ گئے ہیں۔

شکار کے نتیجے میں نایاب پرندوں اور جانوروں مور تیتر بٹیر ہرن کی نسل کشی ہو رہی ہے۔جس پر گزشتہ روز سیشن جج مٹھی کی عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے عرب شہزادہ وائلڈ لائف آفیسر،اور ایس ایس پی تھرپارکر کو پیر کے روز عدالت میں طلب کر لیا ہے۔

مزیدخبریں