نیپال کیخلاف ہوم سیریز،قومی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان آج ہوگا

نیپال کیخلاف ہوم سیریز،قومی بلائنڈ ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان آج ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نیپال کے خلاف 5میچوں کی ہوم سیریز کیلئے 15رکنی قومی خواتین ٹیم کا اعلان(کل)31دسمبر کو کریگی ٗدونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائیگا ۔اسلام آباد کرکٹ آف دی بلائنڈ نے قومی بلائنڈ خواتین کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیہ میں قومی خواتین کھلاڑیوں سمیت کلب کے صدر محمد بلال ستی، جنرل سیکرٹری نوید حسین عباسی، سی ڈی اے کے سابق ممبر ماحولیات سید مصطفین کاظمی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ قومی خواتین کھلاڑیوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ آنے والی نیپال کے خلاف ہوم سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کرے گی۔ قومی خواتین کھلاڑیوں نے اسلام آباد کرکٹ آف دی بلائنڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دریں اثناء قومی خواتین ٹیم کی کپتان رابعہ شہزادی نے ’’میڈیا‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیپال کے خلاف ہوم سیریز کے لئے وہ بھرپور طریقے سے تیار ہیں اور کوچز نے انہیں بھرپور تربیت سے نوازا ہے۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ کے مطابق ایونٹ میں قومی ٹیم کے انتخاب کیلئے پاکستان خواتین بلاینڈ کرکٹ ٹیم کا چوتھا اور حتمی تربیتی کیمپ وقار النساء ڈگری کالج راولپنڈی میں جاری ہے اور کیمپ میں نفیس احم( ہیڈ کوچ)، بختاور اقبال (اسسٹنٹ کوچ)،شاہدہ شاہین (ٹرینر) ، اور نوید حسین آباسی (کیمپ کمانڈنٹ ) قومی خواتین کھلاڑیوں کو جدید اور اعلی معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 25 منتخب نابینا خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں جس میں سے 15 رکنی پاکستان خواتین بلاینڈ کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ نیپال کے خلاف 5میچوں کی سیریز کے لئے 15رکنی ٹیم کا اعلان 31 دسمبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کیا جائیگا۔دونوں ممالک کی خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 29 جنوری کو لاہور، 31 جنوری اور یکم فروری 2019ء کو فیصل آباد جبکہ تین اور چار فروری کو اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شرکت کے لئے نیپال کی خواتین بلائنڈ ٹیم27جنوری کو پاکستان کے دورے پر آئے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...