آنیوالا سال پاکستان سکواش کیلے خوش قسمت ہوگا:جہانگیرخان

آنیوالا سال پاکستان سکواش کیلے خوش قسمت ہوگا:جہانگیرخان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان نے کہا ہے کہ 2018 پاکستان میں سکواش کے لیے خوش قسمت ثابت ہوا۔ایک دہائی سے زیادہ عرصے کے بعد شہرقائد میں انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد اور اس میں غیرملکی پلیئرزکی شرکت قابل قدر رہی، امید ہے نیا سال ملک میں سکواش سمیت دیگرکھیلوں کے لیے نیک شگون لیکر آئے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے کہا کہ یہ امر ہم سب کے لیے مسرت کا باعث رہا کہ ختم ہونے والے 2018 میں پاکستان کو سکواش کے میدان میں بڑی کامیابی ملی، ورلڈ سکواش فیڈریشن اور پی ایس اے نہ صرف انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان کے سفر پر عائد پابندی اٹھائی بلکہ ہمارے ملک کوانٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی بھی تفویض کی، انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں طویل عرصے سے جدوجہدکی جارہی تھی جو رنگ لے آئی۔انھوں نے کہاکہ بدقسمتی سے گزشتہ دہائیوں میں کراچی کے حالات کے سبب عالمی سکواش مقابلوں پر پابندی تھی جس کی وجہ سے ہم مایوسی کا شکار تھے لیکن میں نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے ساتھ کاوشوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اس میں ہمیں کامیابی ملی جس کے بعد کراچی میں انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ میں ریکارڈ تعداد میں معروف غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی جس سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کے حوالے عالمی سطح پر بہت مثبت تا ثرگیا۔ایک سوال کے جواب میں جہانگیر خان نے کہا کہ نئے سال کے حوالے سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں،2019 میں نہ صرف کراچی اور لاہور بلکہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی انٹرنیشنل سکواش مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے کی کوشش کی جائیگی، سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ اللہ کرے نیا سال ملک اور قوم کے لیے خوشیوں کا پیغام لیکرآئے۔
اور پاکستان میں سکواش اوردیگرکھیلوں کو تقویت ملے۔