منی لانڈرنگ کے خلاف کاروائی کا فیصلہ خوش آئند‘ اکانومی واچ

منی لانڈرنگ کے خلاف کاروائی کا فیصلہ خوش آئند‘ اکانومی واچ

کراچی(اکنامک رپورٹر) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خلاف ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کاروائی کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے جس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ وزیر اعظم کے اقدامات سے کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی ہو گی، ملکی معیشت ترقی کرے گی جبکہ ملک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل جائے گا جس سے بین الاقوامی سطح پر ملکی ساکھ میں اضافہ ہو گا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ عوام وزیر اعظم کے اقدامات کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کریں گے کیونکہ اس سے پاکستان کا ایف اے ٹی ایف کی وائیٹ لسٹ میں شامل ہو جائے گا، ڈالر کی سمگلنگ کا سدباب ہو گا، ملک سے سرمائے کا فرار رک جائے گا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ جائے گی اور مصنوعی بحرانوں کے سلسلہ رک جائے گا۔کرپٹ سیاسی اشرافیہ اور دیگر با اثر شخصیات کے خلاف کاروائی سے جہاں سیاسی آلودگی کم ہو جائے گی وہیں کرپشن سے کمائے ہوئے دس ارب ڈالر کی بیرون ملک منتقلی رک جائے گی جس سے پاکستان کا دیگر ممالک اور اداروں کے قرضوں پر انحصار ختم ہو جائے گا ۔ انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی کوششوں سے دوست ممالک نے پاکستان کی جو مدد کی ہے اس سے ملکی معیشت سنبھل گئی ہے اور ملک آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لینے کے بجائے ان سے مزاکرات کرنے کی پوزیشن میں آ گیا ہے۔

معیشت کی حالت جتنی کمزور ہو گی آئی ایم ایف کڑی شرائط عائد کرنے میں اتنی ہی زیادہ سرگرمی دکھاتا ہے جس کا سارا اثر غریب عوام پر پڑتا ہے مگر اب اس ادارے کی موقف میں نرمی آ گئی ہے۔

مزید : کامرس


loading...