وزیرخارجہ کی قطری ہم منصب وزیراعظم اور نائب سے ملاقاتیں فیفا ورلڈ کپ میں قطر کی معاونت ،دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

وزیرخارجہ کی قطری ہم منصب وزیراعظم اور نائب سے ملاقاتیں فیفا ورلڈ کپ میں قطر ...

دوحہ (مانٹیرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)پاکستان اور قطر نے دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ قطر نے پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پیشکش کی کہا ہے کہ ہم جلد مزید پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت مواقع مہیا کریں گے۔ اتوار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے دورہ قطر کے دور ان وزارت خارجہ پہنچے جہاں انہوں نے اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات کی ۔ جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قطر کے وزیر اعظم ،نائب وزیراعظم و وزیر امور خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی سے ملاقاتیں کیں۔دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ باہمی تعلقات اور روابط میں فروغ، سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قطری وزیر خارجہ نے قطر میں موجود پاکستانی محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم جلد مزید پاکستانیوں کو قطر میں ملازمت مواقع مہیا کریں گے۔ قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان 2022 میں متوقع فیفا ورلڈ کپ میں قطر کے ساتھ ہر سطح پر معاونت فراہم کرے گا۔ اس موقع پر قطری وزیر اعظم نے کہاکہ قطر کے عوام پاکستان کے عوام کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ایک دوسرے پر اعتماد رکھتے ہیں ۔قطری وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت، تعلیم اور سفری سہولیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قطری وزیراعظم کی طرف سے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کی طرف سے، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور قطر کے مابین دوطرفہ تجارت میں پچھلے ایک سال میں فقیدالمثال اضافہ ہوا ہے ۔ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ کا دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ قطری ہم منصب نے شاہ محمود قریشی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطری ایئرپورٹ پہنچے تو چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ قطر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی سفیر ابراہیم یوسف فخر اور سفارتخانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔قطر روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قطر خلیجی ممالک میں ایک اہم ملک ہے جس کے پاکستان کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطری ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی، دورہ قطر حالیہ چار ملکی دورے کے سلسلے کی کڑی ہے، قطر امن اور مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرتا رہا ہے، امن اور مفاہمتی عمل میں قطر کی رائے لینا اور مشاورت ضروری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے ملکوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اور آج ہونے والی قطری حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور افغانستان کے معاملات پر بات ہوگی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی ملاقاتوں میں جو معاملات طے ہوئے انہیں آگے بڑھایا جائے گا، پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی قطر میں پاکستانی سفارتخانے میں پہنچے جہاں انہوں نے افسروں اور عملے سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے خطاب بھی کیا۔وزیر خارجہ نے پاکستانی کمیونٹی کو اپنے حالیہ قطر وزٹ کے حوالے سے پاکستانی کمیونٹی کو اعتماد میں لیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بہترین حکمت عملی سے معاشی بحران سے نکالیں گے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے معاشی سفارتکاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے یہ دورہ قطر بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قطر کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں انتہائی سود مند رہیں ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ جلد بہت اچھی اچھی خوشخبریاں سنیں گے پاکستان نے اپنی سمت وضع کر لی ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے گلف کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات ہیں اور قطر کے ساتھ بھی مضبوط روابط ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہماری پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں گلف ممالک میں مقیم ہے ہم سب کے ساتھ محبت اور رواداری کا تعلق رکھتے ہیں ۔ ہم خطے میں استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ان سفارتکاروں کو موقع دیں گے جو بہترین نتائج سامنے لائیں گے پاکستانی کمیونٹی سے بہتر رویہ رکھیں گے ٗملک میں انوسٹمنٹ کو بڑھوتری دیں گے ۔

شاہ محمو دقریشی

مزید : صفحہ اول


loading...