تحریک انصاف کے عہدیدار اورکارکن میرے دست وبازو ہیں، عثمان بزدار

تحریک انصاف کے عہدیدار اورکارکن میرے دست وبازو ہیں، عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں تحریک انصاف بہاولپورڈویژن کے عہدیداران نے ملاقات کی۔تحریک انصاف خواتین ونگ کی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھیں۔تحریک انصاف بہاولپورڈویژن کے عہدیداران نے پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں منعقد کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا۔پارٹی عہدیداران نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں منعقد کرنے کا اعزاز تحریک انصاف کوحاصل ہواہے۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں ضلع بہاولپور کے صدر ملک اصغر جوئیہ،جنرل سیکرٹری میاں نبیل الرحمن ، ضلع بہاولنگر کے صدر ملک مظفر ، جنرل سیکرٹری ندیم زمان شاہ، ضلع رحیم یار خان کے صدر راجہ محمد سلیم ، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اقبال حسن ، تحسین گردیزی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چودھری ،ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہبازگل اورکمشنر بہاولپورڈویژن بھی اس موقع پر موجود تھے۔دوسری طرف سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں ہائی کورٹ بار بہاولپور کے صدر احمد منصورچشتی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔بہاولپور میں وکلاء کالونی کے ایشوکو بھی جلد طے کر لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ بار کی لائبریری اور عمارت کی تعمیر ومرمت کے لئے تخمینہ لگایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ ہوں۔ملاقات کرنے وا لوں میں ہائی کورٹ بار بہاولپور کے جنرل سیکرٹری عمر محمود، صدر ڈسٹرکٹ بار بہاولپور نعیم بھٹی،جنرل سیکرٹری اشفاق احمد شامل تھے ۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چودھری ، ترجما ن وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور کمشنر بہاولپور بھی اس موقع پر موجود تھے ۔دریں اثنا سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاؤس بہاولپور میں بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مبشر حسین کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں صنعتی شعبے کی کلیدی اہمیت ہے اورروزگار کے نئے مواقع صنعتی ترقی سے ہی پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے جامع صنعتی پالیسی کااعلان کیا ہے۔صنعت کار آگے آئیں ، سرمایہ کاری کریں اور معاشی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے جائز مطالبات حل کریں گے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد اسلم، نائب صدر محمد وقاص ملک، سیکرٹری جنرل سید امیر حیدر اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری ، سیکرٹری صنعت اور کمشنر بہاولپور ڈویژن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عثمان بزدار بہاولپور لال سہانرانیشنل پارک گئے ۔وزیراعلیٰ نے لال سہانرا پارک میں پودا لگایا اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لال سہانرا پارک کی بحالی کے منصوبے کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ماضی میں کئی اہم سیکٹر سمیت اس پارک کو بھی نظر انداز کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے آتے ہی بحالی کے منصوبے پر کام کا آغاز کیاہے۔درخت او رپودے قدرتی حسن میں اضافہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مختصر عرصے میں لاکھوں نئے پودے لگائے ہیں۔درخت اور پودے لگانا ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے۔نئی نسل کو صاف ستھرا ماحول دیں گے ۔وزیراعلی نے پارک کا دورہ کیا اور مختلف حصے دیکھے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت لال سہانراپارک کی بحالی کے منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔سیکرٹری جنگلات نے پارک کی بحالی کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت ، سمیع اللہ چودھری ، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -