وزیراعظم کا پولی کلینک ہسپتال کا دورہ، مریضوں کی خیریت دریافت کی
اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فرا ہم کی جانیوالی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ وزیر صحت عامر محمود کیانی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے ہسپتال انتظامیہ سے مریضوں کو ادویات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا، ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے بھی بات چیت کی ۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اور سہولتوں سے متعلق انتظامیہ سے بریفنگ بھی لی۔وزیراعظم نے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی اور موثر انتظامات کیلئے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے انتظامیہ کو عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے تسلسل کو جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ہسپتال کی پرانی عمارت کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم نے اس کی حالت اور انفرانسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ یاد رہے اسی طرح جمعرات کو وزیراعظم نے پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا تھا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانیو الی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔
پولی کلینک