پنجاب میں دھند کا راج، ٹریفک حادثات،پولیس افسرسمیت 4افراد جاں بحق،5زخمی

پنجاب میں دھند کا راج، ٹریفک حادثات،پولیس افسرسمیت 4افراد جاں بحق،5زخمی

لاہور ،ملتان،پشاور،مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، موٹروے اور قومی شاہراہ پر بھی دھند چھائی رہی، دھند کے باعث ملتان اور خانیوال میں گاڑیاں ٹکرا گئیں ، پولیس افسر سمیت 4افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے،محکمہ موسمیات نے کل سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی ۔ موٹروے اور قومی شاہراہ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ، بعض مقامات پر حد نگاہ صفر اور بعض جگہوں پر 50 میٹر رہی، ملتان کے قریب جلہ کے علاقے میں شدید دھند کے باعث ایک بس اور 5 گاڑیاں ٹکرا گئیں، موٹروے پولیس کا پٹرولنگ افسر جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، خانیوال میں بھی دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ،ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔منگل سے پنجاب ، خیبرپختو خوا اور بلوچستان میں بادل برسیں گے،گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر بھی بارش متوقع ہے، بارشوں کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں برف باری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا سکردو میں درجہ حرارت منفی 14، استور میں منفی 10،گوپس میں منفی نو ،گلگت میں منفی سات ،کام ،ہنزہ ،بگروٹ میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا سرد ترین مقام اسکردو رہا جہاں درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ استور میں منفی 10، گوپس میں منفی 9، گلگت میں منفی 7، کالام، ہنزہ، بگروٹ میں منفی 6اور راولا کوٹ اور دیر میں منفی 5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،کراچی میں 12 ،لاہور میں 2، پشاور میں منفی ایک، کوئٹہ میں منفی 3، مظفر آباد میں صفر، فیصل آباد میں 2، ملتان میں 4 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری سفر کے دوران گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کریں، دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ترجمان کے مطابق شہری موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 سے رہنمائی بھی لے سکتے ہیں۔

موسم

مزید : صفحہ اول


loading...