علی رضا عابدی قتل سمیت دیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ برطرف

علی رضا عابدی قتل سمیت دیگرواقعات پر ڈی آئی جی ساؤتھ برطرف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)آئی جی سندھ ڈاکٹرکلیم امام نے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے بر طرف کر کے ان کی جگہ شرجیل کھرل کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی کے بہیمانہ قتل، چینی قونصل خانے پر دہشت گردوں کے حملے اور ڈیفنس میں پراسرار دھماکے کی پے در پے وارداتوں کا آئی جی سندھ نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔اس حوالے سے آئی جی سندھ سید کلیم امام نے وارداتوں پر قابو نہ پانے اور فرائض میں غفلت پر ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی جاوید عالم اوڈھو کو عہدے سے ہٹا دیا، آئی جی سندھ نے یہ ذمہ داریاں شرجیل کھرل کو سونپ دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
برطرف

کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی قتل کیس میں محکمہ داخلہ سندھ نے مارشل سیکیورٹی کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق رہنما ایم کیو ایم پر حملے کے وقت سیکیورٹی کمپنی کا گارڈ گھرپرتعینات تھا تاہم سیکیورٹی گارڈ کا کام علی رضا عابدی کی جان بچانا تھا لیکن حملے کے وقت وہ ہتھارنہیں چلا پایا۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شواہد کے مطابق سیکیورٹی گارڈ غیرتربیت یافتہ تھا۔ گارڈ کے پاس موجود اسلحہ بھی ناکارہ تھا۔جاری کردہ نوٹس میں محکمہ داخلہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سات روز کے اندر شوکاز نوٹس کا جواب دیا جائے۔ جواب نہ دینے پر کمپنی آرڈیننس 2000 کے تحت لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔دوسری جانب تفتیشی حکام کے مطابق کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے لیکن علی رضا عابدی پر فائرنگ کرنے والے ملزموں تک ابھی تک نہیں پہنچا جا سکا ہے۔