عراق،خاتون وزیر تعلیم کا داعش سے تعلق کا انکشاف، حکومت پریشان

عراق،خاتون وزیر تعلیم کا داعش سے تعلق کا انکشاف، حکومت پریشان

بغداد(آئی این پی)عراق میں دہشت گردی کا شکار افراد کے دفاع کی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر نافع عیسی کا کہنا ہے کہ خاتون وزیر تعلیم شیما الحیالی اس وقت داعش کی سپورٹ کرنے والوں میں تھیں جب تنظیم نے موصل شہر پر قبضہ کر رکھا تھا۔ اتوار کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر نافع نے کہا ہے کہ الحیالی کے بھتیجے نے موصل میں سکیورٹی فورسز کے داخل ہونے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔ڈاکٹر نافع نے واضح کیا کہ مصدقہ معلومات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ الحیالی داعش تنظیم کے ایک معروف کمانڈر کی سگی بہن ہے اور اس حوالے سے خاتون وزیر کی جانب سے پیش کیا گیا جواز درست نہیں۔یاد رہے کہ شیما الحیالی کی نامزدگی البنا اتحاد کی جانب سے عمل میں آئی تھی۔ اس اتحاد میں ہادی العامری کے زیر قیادت الفتح گروپ اور سابق وزیر اعظم نوری المالکی کے زیر قیادت اسٹیٹ آف لا گروپ بھی شامل ہے۔شیما الحیالی نے داعش تنظیم کے ساتھ اپنے تعلق کے حوالے سے معلومات منظر عام پر آنے کے بعد ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے زیر تصرف پیش کر دیا۔الحیالی نے اپنے حوالے سے پھیلی معلومات کی تصدیق کی تاہم انہوں نے جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے ساتھ ان کے بھائی کا تعلق جبری تھا۔موصل یونیورسٹی سے بحیثیت ایک اکیڈمک وزیر تعلیم کے منصب کے لیے نامزد ہونے والی الحیالی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ایک دن بھی کسی سیاسی جماعت یا گروپ کے ساتھ کام نہیں کیا۔ الحیالی کے مطابق داعش تنظیم نے نینوی صوبے کے بہت سے لوگوں کی طرح انہیں بھی شہری اسامیوں کے دائرہ کار میں کام کرنے پر مجبور کیا اور ان کے بھائی کا داعش کے ساتھ کام جاری رکھنا بھی دھمکی کے تحت تھا۔

الحیالی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی نے نہ تو ہتھیار اٹھایا اور نہ کسی عراقی کے قتل میں معاونت کی۔ الحیالی نے واضح کیا کہ ان کے بھائی کے بارے میں پھیلی ہوئی وڈیوز صرف خاتون وزیر کے خلاف اشتعال انگیزی کا اوچھا حربہ ہے۔ الحیالی کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں جو ان کے بھائی کے داعش سے عسکری تعلق کو ثابت کرتے ہوں۔الحیالی نے اپنے بیان کے اختتام پر اپنا استعفا وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے تصرف میں دے دیا تا کہ داعش کے ساتھ کسی بھی قسم کے روابط کی تصدیق ہونے پر وہ فورا اس کو منظور کر لیں۔ الحیالی نے ایسے تمام دہشت گردوں اور مجرموں سے اپنی برات کا اظہار کیا جن کے ہاتھ عراقیوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔

مزید : علاقائی


loading...