نیو ایئر نائٹ ،سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کیساتھ سختی سے نمٹا جائیگا ،ڈی آئی جی آپریشنز

نیو ایئر نائٹ ،سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کیساتھ سختی سے نمٹا جائیگا ...

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیرنے کہا کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ہلڑبازی ،ہوائی فائرنگ ،آتش بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر کسی بھی قسم کی سماج دشمن سرگرمی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کئے جائینگے۔ امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لئے ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈویژنل ایس پیز مرتب کردہ سکیورٹی پلان پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں۔ نیو ایئر نائٹ پر10 ہزار سے زائداہلکار فرائض سرانجام دیں گے۔ کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کی اضافی دستے بھی الرٹ رہیں گے اورڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹس کے اضافی دستوں کی مسلسل پٹرولنگ یقینی بنائی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد وقاص نذیر نے کہا کہ سابقہ ریکارڈ یافتہ ون ویلرز سے ضمانتی مچلکے بھی لیے جارہے ہیں۔بغیر سائیلنسر گاڑی و موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سکیورٹی کے پیش نظر سرچ آپریشنز اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل ایس پیز نیو ایئر نائٹ پر سماج دشمن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ شہریوں کی سہولت کیلئے مربوط ٹریفک پلان مرتب کیا جائے۔ شہری خوشی کے موقع پر ون ویلنگ، ہلڑ بازی، آتش بازی، پتنگ بازی یا ہوائی فائرنگ کر کے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر کے تمام تفریحی مقامات پر سکیورٹی بڑھا دی جائے گی۔ شہری نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔انہوں نے کہا کہنئے سال کی خوشیاں منانے والے قانون کی حدود میں رہیں ، امن و امان کامسلہ نہ بننے دیں اورشہری کسی بھی مشتبہ افراد اور سرگرمیوں کی اطلاع فوراََ15پردیں۔

مزید : علاقائی


loading...