انتخابی فہرست میں مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ درج کروانے کا آج آخری دن
اسلام آباد( آئی این پی ) انتخابی فہرست میں اپنا ووٹ شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر آج پیر تک منتقل کرایا جا سکتا ہے ،ووٹ کے اندراج اور منتقلی کیلئے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ یا ر جسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے،ایسے تمام ووٹرز جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں، 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کروا سکتے ہیں ،ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ یا رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، درخواست گزار کے لئے اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی منسلک کرنا لازمی ہے ، فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائے جا سکتے ہیں ، سرکاری ملازم اور اہل خانہ (خاوند /بیوی اور بچے) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا ، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند /بیوی، بیٹے/دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔
آخری روز