کراچی ، قطر قونصل جنرل نے دوسرے قطر ویزہ سینٹر کا افتتاح کر دیا

کراچی ، قطر قونصل جنرل نے دوسرے قطر ویزہ سینٹر کا افتتاح کر دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امارات قطر کے کراچی میں کونسل جنرل مشال محمد اے اے الانصاری نے کراچی میں قائم دوسرے قطر ویزا مرکز کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں ویزا سپورٹ سروسز ڈپارٹمنٹ قطری وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر میجر عبداللہ خلیفہ المحندی اور وزارت برائے ایڈمنسٹریٹیو ڈولپمنٹ،لیبر اور سوشل افیئرزکے لیبر ایکسپرٹ محمد علی المیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پرقطر اور پاکستان کے آفیشلز اور کاروباری حضرات بھی موجود تھے ۔ ریاست قطر میں روزگار کے حصول کے لئے منتقل ہونے والے درخواست دہندگان کو’ ورک کانٹریکٹ ‘پر دستخط کرنا ہونگے، اپنے بائیو میٹرک ڈیٹا کا اندراج کروانا ہوگا اورقطر ویزا سینٹر میں میڈیکل ٹیسٹ دینا ہوگا۔قطر ویزا مرکزبائیو میٹرک اعداد و شمار کے اندراج کو مکمل کرنے اور میڈیکل چیک اپ کرنے کے لئے مربوط الیکٹرانک نظام کے تحت آپریٹ کرتا ہے ۔افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے قطر کے کونسل جنرل مشال محمد اے اے الانصاری نے کہا ’دونوں ممالک کے درمیان قریب روابط کو مد نظر رکھتے ہوئے اور قطری حکومت کی ان تعلقات میں مزید وسعت پیدا کرنے کی کوششوں کے تناظر میں قطر نے پاکستان کو سب سے پہلے آٹھ ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے اور پاکستان میں کراچی اور اسلام آباد میں ویزا سینٹر کھولے گئے ہیں۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں مزید اعتماد اور وسعت پیدا ہوگی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور قطر نظریاتی طور ایک ہیں اسی لئے پاکستان کو اُن آٹھ ممالک میں شامل کیا گیا ہے جہاں قطر ویزا سینٹر کھولے جارہے ہیں۔ ویزا سینٹر کھولنے کا مقصد پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو قطر میں روزگار فراہم کرنا ہے اور پاکستانیوں کو وزٹ اور رہائش کے لئے ویزے کے اجراء میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ پہلے یہ عمل ریاست قطر میں انجام دیا جاتا تھا لیکن اب جس ملک سے درخواست وصول ہوگی وہیں سے ویزے کا اجرا ء کیا جائے گا۔یہ قطر میں ویزا اور رہائشی اجازت نامے جاری کرنے کے عمل کی تیز بنیادوں پر تکمیل یقینی بنائے گا۔تاہم ان ویزا سینٹرز میں کیا جانے والا عمل اُس ملک میں جاری ویزا کے حصول کے عمل پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ کانسل جنرل نے ریاست قطر کی جانب سے پاکستانی ہنر مندوں کی تعداد کو بڑھانے کے فیصلے پر کہا کہ ایسا کرنے سے قطر میں پاکستانی پروفیشنل اور ہنرمند افراد قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022کے لئے بنائے جانے والے منصوبوں کی تکمیل میں حصہ لے سکیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...