نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کیلئے پر عزم ،جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام آباد(صباح نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی کیلئے پرعزم ہے اور بلا امتیاز بدعنوانی میں ملوث افراد، اشتہاریوں اور قانون سے چھپنے والوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران نیب نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بدعنوانی کے 440 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی جبکہ قانون پر عملدرآمد کی موثر پالیسی کے تحت 503 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ نیب کو 44 ہزار 315 شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے ایک ہزار 713 شکایا ت کی تصدیق، 877 انکوائریاں اور 227 تحقیقات کے ساتھ قومی خزانے میں 2580.196 ملین روپے بھی جمع کرائے ہیں۔ 900 ارب روپے کی بدعنوانی کے حوالے سے ایک ہزار 210 ریفرنسز ملک کی مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ نیب نے ملک بھر کے کالجز اور یونیورسٹیوں میں کردارسازی کے حوالے سے 50 ہزار سے زائد سوسائٹیاں بھی قائم کی ہیں۔ نیب نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے)، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبائی محکمہ ہائے تعلیم، صحت، ریونیو، ہاؤسنگ اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹس میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر 60 سے زائد تدارکی کمیٹیاں بھی قائم کی ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پنجاب میں 56 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں، برٹش ورجن آئی لینڈ میں 435 آف شور کمپنیوں، کچھی کینال کی تعمیر اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی جانب سے قوم سے پیسہ لوٹنے کے حوالے سے موصول ہونیوالی مختلف شکایات پر جامع تحقیقات کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے علاوہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تفصیلات راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور وفاقی ترقیاتی ادارے کی ویب سائٹس پر بھی فراہم کی گئی ہیں۔ چیئرمین نیب کی ہدایت پر عوام میں بدعنوانی کیخلاف شعور اجاگر کرنے اور بالخصوص ملک کے نوجوانوں میں بدعنوانی کے تدارک کے حوالے سے حکمت عملی کو موثر بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔ پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق نیب کی کارروائیوں کی 42 فیصد عوام حمایت کرتے ہیں جبکہ گیلپ اور گیلانی کے سروے اعداد و شمار کے مطابق نیب پر 59 فیصد عوام کا اعتماد ہے۔ اسی طرح عالمی اقتصادی فورم اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے بھی اپنی رپورٹوں میں نیب کی کارکردگی اور پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ اس کیساتھ ساتھ نیب نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے اور معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالہ سے چین کیساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے ہیں۔ آج نیب کی بدعنوانی کیخلاف موثر حکمت عملی کے تحت بدعنوانی سے پاکستان کی قومی توقعات کو پورا کیا جا رہا ہے۔