وفاقی وزیراطلاعات آج تین روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

وفاقی وزیراطلاعات آج تین روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو صوبہ سندھ کے حوالے سے خصوصی ٹاسک دے دیاہے، جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات آج سندھ کے تین روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے ۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ وزیر اطلاعات سندھ کے مختلف رہنماؤں سے موجودہ سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے، موجودہ صورتحال پر سندھ کے سیاسی رہنماؤں کو اعتماد میں لیں گے اورجعلی اکاؤنٹس پر جے آئی ٹی رپورٹ پر حکومتی نکتہ نظر بیان کریں گے۔اپنے دورہ سندھ کے دوران فواد چوہدری تحریک انصاف کے علاوہ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ فواد چوہدری کراچی سے بدھ کے روز اسلام آباد واپس جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر اطلاعات ذوالفقار مرزا، امیر بخش بھٹو اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق وہ کراچی، بدین، سکھر اور لاڑکانہ کا دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ پیر پگاڑا، لیاقت جتوئی، ذوالفقار مرزا ، فہمیدہ مرزا، ایازلطیف پلیجو اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔فواد چوہدری نے بتایاکہ دورہ سندھ میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورت میں سندھ کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کروں گا، پیپلز پارٹی کسی اور کو وزیر اعلی بنالے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ جعلی اکاؤنٹس کیس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی میں مرکزی ملزم ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...